پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ریلوے کے رمضان اور عید پیکج کے حوالے سے اجلاس، ایڈیشنل جنرل منیجرٹریفک کی طرف سے ہر برس بہتر ہوتے ہوئے ریونیو کے اعداد وشمار پر اطمینان کا اظہار

 
0
325

لاہور، جون 21 (ٹی این ایس):   پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ریلوے کے رمضان اور عید پیکج کے حوالے سے اجلاس ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل جنرل منیجرٹریفک عبدالحمید رازی نے کی۔اجلاس میں ایڈیشنل جنرل منیجرٹریفک عبدالحمید رازی نے ہر برس بہتر ہوتے ہوئے ریونیو کے اعداد وشمار پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں کرایوں میں بیس فیصد رعائیت پر مسافروں کا مثبت ردعمل دیکھنے میں آیااس حوالے سے ریلوے کے ریونیو میں ستر ملین کے قریب اضافہ ہوا، گذشتہ برس کے 35 کروڑ 30 لاکھ ریونیو کے مقابلے میں اس سال 42کروڑ 18 لاکھ کی ریکارڈ آمدن ہوئی۔اسی طرح عید الفطر کے پہلے اور دوسرے دن تیس فیصد رعائیت اور سروسز کے معیار میں بہتری پر 2017 میں 76 ملین کے مقابلے میں 2018 میں 103 ملین کی ریکارڈ آمدن ہوئی۔اس کے علاوہ پاکستان ریلوے کی جانب سے بزرگ شہریوں کے لیے مفت سفر کی سہولت کے اعلان پرمثبت ردعمل سامنے آیا اور بزرگ شہریوں نے پاکستان ریلوے کی انتطامیہ کو سراہااس سہولت پر دو ہزار سے زائد بزرگ شہریوں نے ملک بھر میں مفت سفرکیاجس کے مطابق لاہور سے 587، کراچی سے 298، سکھر سے 296، ملتان سے 199، راولپنڈی سے 175، پشاور سے 53 اور کوئٹہ سے 21 بزرگ شہریوں نے بالکل مفت سفر کیا۔جبکہ ساڑھے تین سو سے زائد بزرگ شہریوں نے گھر بیٹھے مفت آن لائن سیٹ بکنگ کی سہولت بھی حاصل کی۔ ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک پاکستان ریلویزعبدالحمید رازی نے کہا کہ ریونیو اور مسافروں کی تعداد میں اضافہ پاکستان ریلوے پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار ہے۔انہوں نے پاکستان ریلوے کے کارکنوں کو رمضان اور عید الفطر کے موقعے پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دی ۔