دلی خواہش ہے مریم نواز کسی عدالت سے سزا پانے سے پہلے عوامی عدالت کا سامنا کریں ‘ جمشید اقبال چیمہ

 
0
289

پانامہ رانی کو چھ ماہ قبل خاندانی حلقے میں کئے گئے وعدے پورے نہ کرنے کی وجہ سے راہ فرار اختیار کرنا پڑی 
کارکردگی کاڈھنڈورا پیٹنے والوں کو سمجھ نہیں آرہی کس منہ سے عوام کا سامنا کریں ‘ این اے127میں ڈور ٹو ڈور مہم ،کارنر میٹنگز سے خطاب
لاہورجون23(ٹی این ایس) تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر، این اے 127سے نامزد امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ دلی خواہش ہے کہ مریم نواز کسی عدالت سے سزا پانے سے قبل انتخابات میں عوامی عدالت کا سامنا کریں ، پانامہ رانی کو خاندانی حلقے میں کئے گئے وعدے پورے نہ کرنے کی وجہ سے راہ فرار اختیار کرنا پڑی ہے ،انہیں این اے 127میں بھی پذیرائی نہیں ملے گی بلکہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے شریف خاندان کی لوٹ مار کا حساب لیں گے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حلقہ این اے 127کی مختلف یونین کونسلوں میں ڈور ٹو ڈور مہم اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اشرف، مظہر جٹ، ملک علی مردان، فیصل گجر، سید مشتاق علی، کرامت علی ، سعید خان سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے دیرینہ وابستگی رکھنے والے کئی خاندانوں نے عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے امیدوار کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عمران خان کی لازوال جدوجہد کی وجہ سے عوام کو اپنے حقوق کا شعور ملا ہے اور انتخابات میں عوام چوروں اور لٹیروں کو مسترد کر دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کاڈھنڈورا پیٹنے والوں کو سمجھ نہیں آرہی کہ وہ کس منہ سے عوام کا سامنا کریں اورقیادت سمیت کوئی بھی امیدوار مقابلہ کیلئے میدان میں اترنے کو تیار نہیں ۔ مریم نواز نے چھ ماہ قبل ہونے والے ضمنی انتخاب میں بلند و بانگ دعوے او ر وعدے کئے لیکن ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا ۔لاہور جیسے شہر میں عوام کو پینے کا صاف پانی ، تعلیم اور صحت کی سہولیا ت میسر نہیں جبکہ سابقہ حکمران دودھ اور شہد کی نہریں بہا دینے کے دعوے کرتے نہیں تھکتے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 127کے ووٹرز 25جولائی کے دن کے منتظر ہیں اور این اے 125سے فرار ہونے والوں کا اپنے ووٹ کی طاقت سے کڑا احتساب کریں گے۔