اٹک: PP-2 پر مسلم لیگی امیدوارکا الیکشن جیتنے کیلئے عمران خان کو چیلنج

 
0
483

ضلعی صدر پی ٹی آئی کی جگہ چنگیز خان کو مضبوط امیدوار کے طور پر ن لیگ کے مقابلہ میں اتارا گیا ، ہمارے مقابلہ میں تو عمران خان خود بھی کمزور امیدوار ہیں:جہانگیر خانزادہ 
حضرو /چھچھ ، جون  23(ٹی این ایس): سابق وزیر داخلہ پنجاب مرحوم کرنل شجاع خانزادہ کے بیٹے سابق وزیر کھیل مسلم لیگ(ن) کے نامزد امیدوار حلقہ پی پی 2 جہانگیر خانزادہ نے اپنے مقابلے الیکشن لڑنے کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو چیلنج کر دیاہے۔
پی ٹی آئی کی طرف سے ضلعی صدر قاضی احمد اکبر کوکمزور جان کر مضبوط امیدوار کے طور پر چنگیز خان کو ٹکٹ دیکر نون لیگ کا مقابلہ کرنے کی خبروں پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ میرے مد مقابل پی ٹی آئی کے قاضی احمد اکبر کمزور امیدوار تھے اور پی ٹی آئی قیادت یہ سیٹ جیتنا چاہتی ہے جس کیلئے انہوں نے اپنے سروے اور رپورٹس کے مطابق مضبوط امیدوار چنگیز خان کو ٹکٹ دیا ہے مگر ہم کہتے ہیں کہ اس سیٹ پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خود بھی مسلم لیگ(ن) کے مقابلہ میں کمزور امیدوار ہیں ، ہم قومی و صوبائی اسمبلی کی دونوں سیٹیں پی ٹی آئی سے آسانی سے جیت کر ثابت کرینگے کہ چھچھ مسلم لیگ(ن) کا گڑھ ہے ، چھچھ بھر میں جہانگیر خانزادہ کا یہ بیان زیر بحث ہے ۔
ادھر سیاسی مبصرین اور صحافتی حلقوں کا کہنا ہے کہ چنگیز خان ن لیگ کے لئے آسان نہیں بلکہ خاصے مضبوط حریف ثابت ہونگے کیونکہ وہ علاقہ میں خاصا اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔میجر (ر) طاہر صادق پہلے ہی قومی اسمبلی کے لئے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پرمضبوط امیدوار کے طور پر موجود ہیں اور چنگیز خان کیساتھ انکی انتخابی ساجھے داری کم از کم قومی اسمبلی کی نشست پر اپنے پینل کی جیت کا سبب بن سکتی ہے۔