ریڑھی گوٹھ میں پانی کی قلت ‘مکینوں کاالیکشن کے بائیکاٹ کااعلان

 
0
743

کراچی جون 26(ٹی این ایس)ریڑھی گوٹھ کے مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی پر الیکشن کے بائیکاٹ اور کراچی ضلع کونسل کے سامنے دھرنا دینے کااعلان کردیا، سینکڑوں افرادنے پانی کی قلت اور پانی مافیا کیخلاف احتجاجی مظاہرہ اور پیدل مارچ کیاتفصیلات کے مطابق سمندر کنارے آباد ماہی گیروں کی قدیم بستی ریڑھی گوٹھ میں گزشتہ دو ماہ سے پانی کی شدید قلت اور پانی مافیا کی طرف سے پانی پر قبضے کیخلاف سینکڑوں لوگ جن میں عورتوں کی بڑی تعداد شامل تھی نے پاکستان فشر فوک فورم کے مرکزی چیئرمین محمد علی شاہ، ابوبکر، محمد حنیف، مصطفی قاسمانی و دیگر کی قیادت میں مین سوزوکی اسٹاپ سے احتجاجی مظاہرہ شروع کیا۔ اس موقع پر مظاہرین کے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ تھے اور وہ ’’ریڑھی گوٹھ بن گیا کربلا کربلا، پانی دو ووٹ لو، شرم کرو، حیا کرو، پانی کی چوری بند کرو، پینے کیلیے پانی دو، جینے کیلیے پانی دو‘‘ جیسے فلک شگاف نعریبازی کر رہے تھے۔ مظاہرین گوٹھ کے مختلف راستوں، بازاروں اور چوراہوں سے گزرتے ہوئے مین روڈ پر دھرنا دیکر بیٹھ گئے۔ اس موقع پر پاکستان فشر فوک فورم کے مرکزی چیئرمین محمد علی شاہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو ماہ سے مسلسل ریڑھی گوٹھ کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ، جس کی اہم وجہ پانی مافیا سرغنہ داؤد جت کی طرف سے ریڑھی گوٹھ کے پانی پر قبضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی مافیا نے ریڑھی گوٹھ کے غریب عوام کا پانی بند کر کے یزیدیت کی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے عادی وڈیروں نے ریڑھی گوٹھ کے ماہی گیروں سے ووٹ حاصل کرنے کیلیے اپنی پرواز جاری رکھی ہوئی ہے، لیکن ہم انہیں کھلے الفاظ میں بتانا چاہتے ہیں کہ جب تک ریڑھی گوٹھ کے پانی سمیت تمام بنیادی مسائل حل نہیں کیے جاتے تب تک ہم الیکشن کے دوران ووٹ کے بائیکاٹ کے اعلان پر قائم رہیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر دو روز کے دوران ریڑھی گوٹھ میں پانی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا گیا تو ریڑھی گوٹھ کے ہزاروں ماہی گیر ضلع کونسل کراچی آفس کے سامنے جمع ہوکر دھرنا دیں گے۔ اس موقع پر ابوبکر، محمد حنیف اور مصطفی قاسمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی مافیا نے ہمارے پانی پر قبضہ کر کے کربلا کی یاد تازہ کردی ہے، جس کی وجہ سے پورا علاقہ ویران صحراء کا منظر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گھروں میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے چولہے بھی نہیں جلتے اور چھوٹے بچے پینے کیلیے پانی نہ ملنے پر چیخ و پکار کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدارا ہمیں پانی کا حق دیا جائے