کراچی میں کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

 
0
412

کراچی جون 27 (ٹی این ایس)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی میں بوندا باندی کا ہے جبکہ کل گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب سے اپر سندھ میں ہونیوالی بارشوں کے بعد پری مون سون کا آغاز ہو گیا، کراچی میں بھی آج ہلکی بارش جبکہ آئندہ آنیوالے دنوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔ڈائیریکٹر میٹ عبدالرشید نے پیش گوئی کی ہے کہ کل اور پرسوں کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے، کل بالائی سندھ میں بارش کے بعد پری مون سون کاآغاز ہوگیا ہے، کراچی میں پری مون سون کی بارشوں کاسلسلہ ہفتے تک جاری رہے گا۔عبدالرشید نے کہا کہ بارش کے بعد کراچی کے درجہ حرارت میں واضح کمی کا امکان ہے، آج شام کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور،گوجرانوالہ،ملتان،ڈیرہ غازی خان اوربہاولپورمیں تیز ہوائوں کے ساتھ آج بارش ہوگی، سکھر، لاڑکانہ، شہید بے نظیرآباد سمیت سندھ کے کئی شہروں میں بادل برسنے کا امکان ہے جبکہ ژوب، قلات اور کشمیرمیں بھی بارش متوقع ہے۔گذشتہ شب سندھ کے شہر،میرپورخاص اورگردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ضلع سانگھڑ میں آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، تیز ہوائیں چلنے سے سائن بورڈ اور جھونپڑیاں اڑ گئیں۔بارش کے باعث حادثات میں دو خواتین اور بچی سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے، روہڑی میں تیزہواؤں کےساتھ بارش کے نتیجہ میں کئی درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، مالاکنڈ، ہزارہ، بنوں، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، ملتان، بھاولپور، سکھر، لاڑکانہ، کراچی،حیدرآباد، میرپورخاص ، ژوب، قلات، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں پچاس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔