سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر ریجنز میں مخدوش خطرناک قراردی گئی عمارتوں کی فہرست جاری کردی

 
0
663

کراچی 28جون(ٹی این ایس )سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر ریجنز میں مخدوش خطرناک قراردی گئی عمارتوں کی فہرست جاری کردی ہے ۔ اس سلسلے میں ایس بی سی اے نے اس فہرست میں شامل عمارتوں کے مکینوں کورہائش واستعمال کرنے سے متعلق متنبہ کیاہے جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اپنے ارد گردموجود کسی بھی ایسی مخدوش حالت یاغیرمعیاری تعمیرات کی حامل عمارت جس کاحادثاتی طورپر منہدم ہونے کااندیشہ ہو کے بارے میں فوری تحریری یاٹیلی فون پرایس بی سی اے کو اطلاع کریں ۔تفصیلا ت کے مطابق ماہرین تعمیرات ،تجربہ کارانجینئرز پر مشتمل ایس بی سی اے کی ٹیکنیکل کمیٹی برائے خطرنا ک عمارت نے صدرٹاؤن میں پلاٹ نمبر 26-RB-3،پرواقع عمارت کی تیسری ،چوتھی اورپانچویں منزل کوبھی خطرناک قراردے دیاہے جس کے ساتھ اب تک کے سروے کے نتیجے میں سندھ بھرکی 450عمارتوں کوان کے بنیادی تعمیراتی ڈھانچے کی تباہ حالی کے سبب خطرناک اور ناقابل استعمال قراردیاجاچکاہے اس سلسلے میں ایس بی سی اے کی جاری کردہ فہرست کے مطابق سب سے زیادہ صدرٹاؤن میں 243 عمارتیں،جمشید ٹاؤن 09،کیماڑی ٹاؤن 04،لیاری ٹاؤن 40،ملیرٹاؤن 04،شاہ فیصل ٹاؤن میں 03،لیاقت آباد ٹاؤن 27،گلشن اقبال ٹاؤن IIمیں 03کورنگی ٹاؤن 01،بلدیہ ٹاؤن 03،گلبرگ ٹاؤن 09،نارتھ ناظم آباد ٹاؤن 03،سائیٹ ٹاؤن میں 02 اورنارتھ کراچی ٹاؤن میں 01عمارت کوخطرناک قرار دیاہے جس کے بعد کراچی میں خطرناک عمارتوں کی تعداد 352 ہوگئی ہے جبکہ سندھ کے دیگرریجنز میں سب سے زیادہ حیدرآباد میں 80،میرپورخاص میں 07،سکھر میں 07جبکہ لاڑکانہ ریجن میں 04،عمارتوں سمیت کل 98عمارتوں کوخطرناک حالت تک مخدوش ہونے کے سبب ناقابل رہائش واستعمال قراردیاگیاہے ۔اس سلسلے میں ایس بی سی اے کی جانب سے تمام عمارتوں کونوٹسز جاری کئے جاچکے ہیں جس کے مطابق ان عمارتوں کے مکینوں ،دکانداروں اورقابضین کو انہیں فوری خالی کرنے اوراستعمال کوفوری ترک کرنے سے متعلق متنبہ کیاگیاہے۔واضح رہے کہ ایس بی سی اے کی ٹیکنیکل کمیٹی کی جانب سے عمارتوں کے معائنہ کاسلسلہ پورے سال مستقل بنیادوں پر جاری رہتا ہے ۔اس ضمن میں ایس بی سی اے نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ ان کے گردنواع میں اگرکوئی ایسی عمارت ہے جو قدیم ہونے ،زیادہ بوجھ پڑنے،پانی کے رساؤ یاناقص تعمیرات کی وجہ سے دڑایں پڑنے یاخستہ حالت کاشکار ہوتواسی عمارت کے بارے میں ایس بی سی اے میں تحریری طورپرمطلع کریں ۔