رشید تراب روڈ اور ناگن چورنگی برساتی نالوں کسے کچرا نِکلوادیا گیا
کراچی ، جون 28 (ٹی این ایس): چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی اپنے ضلع میں جاری صفائی کی مہم کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں۔بہ یک وقت جاری دو صفائی مہمات کی نگرانی کرنے کے لئے ریحان ہاشمی دن اور رات میں تمیز نہیں کرتے بلکہ رات کو بھی وقتاً فوقتاً صفائی کے کام کی نگرانی کے لئے پہنچ جاتے ہیں۔یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے بنائے جانے والے واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس امیر ہانی مسلم نے بھی گذشتہ روز بلدیہ وسطی کادورہ کیا اور بلدیہ وسطی سے گذرنے والے برساتی نالے ’’گجر نالے ‘‘ کی صفائی کے کام کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے ریحان ہاشمی کو مذکورہ نالے کی جلد از جلد صفائی کی ہدایت کی۔تاہم ریحان ہاشمی کا جذبۂ خدمت اور کام سے لگن انکے ماتحت عملے میں بھی جوش و جذبہ جگانے میں اہم کردار اداکررہاہے ۔ تاہم اب بھی کسی کسی مقام پر سستی نظر آتی ہے جس پر ریحان ہاشمی خاصی خفگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔فی الوقت جاری برساتی نالوں کی صفائی میں رشید ترابی روڈ اورناگن چورنگی پر واقع نالے جو کہ کچرے کا ڈھیر بن چکے تھے اُن میں سے سینکڑوں ٹن کچرا نکال کر پانی کی نکاسی کے عمل کے لئے قابلِ عمل بنایا گیا ہے۔ جبکہ شاہراہوں کی صفائی بھی بدستور جاری ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ورلڈ بنک کے نمائندوں نے بھی بلدیہ وسطی کے آفس میں چیئرمین ریحان ہاشمی سے ملاقات کی اور کوڑا کرکٹ اُٹھانے کے معاملات پر گفتگو کی ۔ ریحان ہاشمی نے انہیں ضلع وسطی میں جاری صفائی کے مقامات کا دورہ کرایا۔ ورلڈ بنک کے نمائندوں نے صٖفائی کے طریقۂ کار میں بہتری لانے کے لئے اپنی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ریحان ہاشمی اپنے طور پر محدود وسائل میں رہتے ہوئے بھی بہت عزم و حوصلے کے ساتھ عوام کی بہبود میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور نتیجہ خیز اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔