بابا فرید کی قبر کو سجدہ نہیں کیا، بابا فرید کے مزار کی چوکھٹ کو لوگ عقیدت میں چومتے ہیں، میں نے بھی بطور عقیدت ایسا ہی کیا: عمران خان

 
0
11988

کراچی ، جون  28 (ٹی این ایس): عمران خان کا کہنا ہے کہ بابا فرید گنج بخش کی قبر کو سجدہ نہیں کیا، بابا فرید کے مزار کی چوکھٹ کو لوگ عقیدت میں چومتے ہیں، میں نے بھی بطور عقیدت ایسا ہی کیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے بدھ کے روز رات گئے اپنے اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ درگاہ بابا فرید پر حاضری دی۔ عمران خان کی اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ بابا فرید گنج شکر کے مزار پر حاضری دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ایک طرف جہاں عمران خان کی اس حاضری کو مثبت انداز سے دیکھا جا رہا ہے وہیں کچھ صارفین پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو مزار کے باہر اندر داخل ہونے سے قبل سجدہ ریز ہوتے ہوئے دیکھا گیا جس پر انہیں سخت تنقید کا سامنا ہے ، ناقدین کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اچھی طرح علم ہے کہ وہ اب وزارت عظمٰی کے اُمیوار ہیں اور عین ممکن ہے کہ عمران خان وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہونے کے لیے ہی یہ سب کر رہے ہوں، اب یہ ثابت ہو چکا ہے کہ عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم بننے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں جبکہ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کے سجدہ ریز ہونے کی تردید کی اور کہا کہ عمران خان نے سجدہ نہیں کیا البتہ انہوں نے ازراہ عقیدت مزار کی سیڑھیوں پر بوسہ دیا۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو لے کر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ صارفین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنانے میں مصروف تو کچھ ان کی حمایت میں ناقدین کو منہ توڑ جواب دینے میں مصروف ہیں۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان گذشتہ رات اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ پاکپتن پہنچے اور بابا فرید گنج شکر کے مزار پر بھی حاضری دی۔

عمران خان نے بابا فرید گنج شکر کے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 192 سے پی ٹی آئی کے امیدوار دیوان عظمت سید محمد چشتی بھی عمران خان کے ہمراہ تھے جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں زلفی بخاری کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بہشتی دروازے کے سامنے سجدہ کیا، پھول بچھائے اور عمران خان نے مزار میں تبرکات تقسیم کیے۔

مزار کے سجادہ نشین دیوان احمد مسعود چشتی نے عمران خان کی دستاربندی کی۔عمران خان اور دیوان احمد مسعود چشتی نے مزار کے اندر ون ٹو ون ملاقات بھی کی۔ جس کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان وہاں سے روانہ ہوگئے۔ عمران خان کی بابا فرید گنج شکر کے مزار پر دی جانے والی اس حاضری کی ویڈیو پر صارفین نے تبصرہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی چئیرمین اس سے قبل بھی کئی مرتبہ یہاں حاضری دے چکے ہیں لیکن پہلے کبھی بھی انہوں نے مزار کے داخلہ دروازے پر جھُک کر سجدہ نہیں کیا۔مگر اس بار صاف نظر آتا ہے کہ اہلیہ کی تقلید میں انھوں نے سجدہ کیا۔

اب اس حوالے سے خود عمران خان کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ جو انسان کلمہ پڑھ لیتا ہے وہ پھر شرک جیسا عمل نہیں کر سکتا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کے دل میں حضرت بابا فرید گنج بخش کیلئے بے حد عقیدت اور احترام ہے۔ وہ اس سے قبل کئی مرتبہ بابا فرید گنج بخش کے مزار پر حاضری کیلئے جا چکے ہیں۔

لوگ حضرت بابا فرید گنج بخش کے مزار پر آ کر عقیدت سے ان کی چوکھٹ کو چومتے ہیں۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھی بابا فرید گنج بخش کے مزار کو سجدہ نہیں کیا، بلکہ انہوں نے مزار کی چوکھٹ کو بطور عقیدت چوما تھا۔ اس عمل کا کوئی غلط مقصد یا مطلب نہیں تھا، بلکہ یہ عمل محض عقیدت میں کیا گیا۔