موبائل صارفین کی عیدی ختم، سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن کا جمعرات آخری دن تھا ۔

 
0
399

اسلام آباد ، جون  29 (ٹی این ایس):  عدالت عظمیٰ کی طرف سے عوام کو دی گئی عیدی آج (جمعرات کو) ختم ہوگئی ہے، رات 12 بجے سے پھر موبائل بیلنس پر بھاری بھرکم ٹیکس کٹنا شروع ہوجائے گا؟شہری تشویش میں مبتلا ہیں کہ کیا چند منٹوں کی فون کال پھر جیب پر بھاری پڑنے لگے گی؟۔

عدالت عظمیٰ نے رمضان میں عوام کو بڑی عیدی دی تھی، موبائل کارڈ پر تمام ٹیکس معطل کردیئے تھے، 100 روپے کے لوڈ پر تقریباً 39 روپے ٹیکس کٹوتی کا خاتمہ ہوا اور صارف کو 100 روپے پر پوری رقم کا بیلنس ملنا شروع ہوگیا۔

عدالت عظمیٰ نے ایف بی آر اور موبائل کمپنیوں کو 15 دن میں جامع پالیسی پیش کرنے کا حکم دیا تھا، سپریم کورٹ کی دی گئی مہلت آج ختم ہورہی ہے، ایف بی آر اور موبائل کمپنی حکام تو اب تک کوئی فیصلہ نہ کرسکے مگر سوشل میڈیا پر بحث چھڑگئی۔

صارفین پوچھ رہے ہیں کہ کیا آج رات 12 بجے سے پھر بھاری بھرکم ٹیکس کٹنا شروع ہوجائے گا؟، شہری تشویش میں مبتلا ہیں کہ کیا چند منٹوں کی فون کال پھر جیب پر بھاری پڑنے لگے گی؟۔

عوام منتظر ہیں کہ ایف بی آر اور موبائل کمپنیاں مل کر اب کیا گل کھلائیں گیں، اس حوالے سے سیلولر کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا توان کی جانب سے کوئی بھی اس پر جواب دینے کو تیار نہیں ہوا۔

عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے نتیجے میں موبائل فون کمپنیوں کی آمدنی میں 20 فیصد کمی واقع ہوئی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور موبائل کمپنیاں کی ٹیکس کٹوتی سے متعلق مکینزم بنانے کیلئے پیر کو بیٹھک لگے گی۔