پولیس،رینجرز کی کارروائیاں38ملزمان گرفتار،اسلحہ،منشیات برآمد

 
0
1078

کراچی جون 29 (ٹی این ایس)رینجرز اور پولیس نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 38ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ ، منشیات اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے اہم دہشت گرد ماجد عرف مہارانی کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزم لیاری گینگ وار جبار عرف جینگو کا اہم کمانڈر اور پولیس و رینجرز کے قتل ، اقدام قتل ، بھتا خوری ، لاشیں ٹھکانے لگانے سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہے ،ملزم کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد روپوش ہوگیا تھا، کچھ عرصے پہلے لیاری واپس آکر اپنا گروہ منظم کررہا تھا تاکہ الیکشن کے دوران دہشت گردانہ کارروائیاں کرکے لیاری کے پرامن ماحول کو خراب کیا جاسکے۔ ادھر رینجرز وپولیس کی مختلف کارروائیوں میں 37 ملزمان کو دھرلیا گیا ہے،اطلاعات کے مطابق گرفتارملزمان رہزنی ،ڈکیتی اورمنشیات فروشی جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہیں،ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، موٹرسائیکلیں، منشیات مسروقہ سامان اور مضرصحت گٹکے میں استعمال ہونے والی 175کلو چھالیہ، 45 کلو تمباکو اور 20 کلو گرام پاؤڈر برآمد کرلیا۔ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے