اثاثے چھپانے کا الزام،سابق صوبائی وزیر کھیل انتخابی عمل سے باہر

 
0
407

کراچی جون 29 (ٹی این ایس) سابق صوبائی وزیر کھیل انتخابات کی دوڑ سے باہر ہوگئے، آر او کے فیصلے کے خلاف سردار محمد بخش مہر کی اپیل مسترد کردی گئی، سابق وزیر پر اثاثے چھپانے کا الزام تھا، این اے 243 سے عمران خان کے خلاف اپیل مسترد کردی گئی، الیکشن ٹریبونل نے تکنیکی بنیاد پر فیصلہ سنادیا، عمران خان کے خلاف درخواست میں بتایا گیا تھا کہ عمران خان کے حلف نامے میں ان کے دستخط نہیں، عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔ سندھ ہائی کورٹ میں الیکشن ٹریبونلز میں اپیلوں پر سماعت کے آخری روز 3 اپیلٹ ٹریبونلز نے درخواستوں پر سماعت کی، درخواست پر جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس کے کے آغا اور جسٹس یوسف سید نے اپیلوں پر سماعت کی۔ ٹریبونلز کی جانب سے پی ایس 116 کراچی سے پیپلزپارٹی کے گل فاروق کی اپیل مسترد کی گئی، گل فاروق کے تجویزکنندہ اور تائیدکنندہ کا تعلق متعلقہ حلقے سے نہیں تھا۔ پی ایس 101 کراچی سے آزاد امیدوار تطہیر زہرہ کی اپیل مسترد کی گئی۔ پی ایس 117 سے آزاد امیدوار سید محمد بشیر کی اپیل مسترد کردی گئی۔ پی ایس 123 سے آزاد امیدوار ملک ولید کی بھی اپیل مسترد ہوگئی۔ پی ایس 118 سے ایم کیو ایم کے امیدوار محمد یعقوب کی اپیل مسترد کی گئی، ایم کیو ایم کے امیدوار نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ اے پی ایم ایل کے امیدوار سید ابوالبشر کے حلقہ پی ایس 117 سے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے، ان کے کاغذات نامزدگی تائیدکنندہ کے دستخط نہ ہونے کے باعث مسترد ہوئے تھے تاہم این اے 224 ٹنڈوالہیار سے اپیل کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔