چینی کمپنیاں کراچی کو تباہ کردیں گی،واٹر کمیشن برہم ،حتمی رپورٹ طلب

 
0
278

کراچی جون 29 (ٹی این ایس) سندھ ہائی کورٹ میں واٹر کمیشن کا اجلاس، کچرا نہ اٹھانے اور چینی کمپنیوں کی خراب کارکردگی پر کمیشن کا پھر برہمی کا اظہار، کمیشن نے سالڈ ویسٹ بورڈ کو کچرا ٹھکانے لگانے کے حوالے سے 2 ہفتے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں واٹر کمیشن کی کارروائی میں کچرا نہ اٹھانے اور چینی کمپنیوں کی خراب کارکردگی پر کمیشن نے ایک بار پھر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب چینی کمپنیاں معاہدے پر عمل نہیں کر رہیں تو معاہدہ ختم کردیں۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ بورڈ نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں چینی کمپنی نے مشینری لگانے کا دعویٰ کیا ہے، 7 سال کا کنٹریکٹ ہے۔ کمیشن نے کہا کہ 7 سال میں تو کراچی کو تباہ کردیں گے، چینی کمپنیوں میں کیا خوبی ہے کہ ان کا معاہد جاری رکھا جائے؟ دو 4 آدمی جھاڑو کے ساتھ کھڑا کردیتے ہیں، ان کے پاس سوئپنگ کا تو کوئی نظام ہی نہیں ہے۔ سالڈ ویسٹ بورڈ نے بتایا کچرے سے بجلی پیدا کرنے کیلیے ورلڈ بینک سے معاہدہ کر رہے ہیں ایم ڈی چینی کمپنی کےمطابق چین میں بھی کچرے سے بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ کمیشن نے کہا کہ ورلڈ بینک سے 26 کروڑ ڈالر لیں گے تو اور مقروض ہوجائیں گے، پہلے ہی ہر پیدا ہونے والا بچہ ایک لاکھ 70 ہزار روپے کا مقروض ہے، ہمیں بجلی کی ضرورت ہے، کے الیکٹرک نے تو کراچی والوں کو ماردیا ہے، کے الیکٹرک کو فارغ کرکے حکومت کو اپنے پاور پلانٹس لگانے چاہییں۔ سالڈ ویسٹ بورڈ نے بتایا چینی کمپنی پاکستان میں آکر پاکستان سے بدتر ہوگئی ہے، وکیل چینی کمپنی نے بتایا ہم کوشش کر رہے ہیں کہ معاہدے پر مکمل عمل کریں، کمیشن نے کہا کب کریں گے وکیل صاحب!؟ یہ سن سن کر مہینے گزر گئے۔ کمیشن نے سالڈ ویسٹ بورڈ کو کچرا ٹھکانے لگانے کے حوالے سے 2 ہفتے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آج تک تک ملتوی کردی۔