اسلام آبادجون30 (ٹی این ایس) عام انتخابات 2018 کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرستیں آج ریٹرننگ افسران (آر اوز) اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) کے دفاتر میں آویزاں کی جایئں گی اور انتخابی نشان بھی جاری ہوں گے۔یاد رہے کہ انتخابی عمل کے لیے پہلے مرحلے میں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جس کے بعد اسکروٹنی کا عمل مکمل ہوا، تیسرے مرحلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری اور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔
امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے اور پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کا عمل گزشتہ روز مکمل کیا گیا تھا جس کے دوران کئی امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لیے۔آج حتمی فہرستیں لگنے اور انتخابی نشانات جاری ہونے کے بعد امیدوار یکم جولائی سے 23 جولائی تک انتخابی مہم چلا سکیں گے۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدوار پولنگ سے 48 گھنٹے قبل یعنی 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہوں گے۔جس کے بعد 25 جولائی کو عام انتخابات کے لیے ملک میں بھر میں پولنگ ہوگی۔واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 کے لیے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا اور اب ووٹرز صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پولنگ کے اوقات میں ایک گھنٹے اضافے کا مقصد انتخابی عمل میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانا ہے۔الیکشن ایکٹ کے مطابق پولنگ کا وقت کم از کم 8 گھنٹے مقرر ہے تاہم ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پولنگ کے روز سے قبل ہی پولنگ کے اوقات بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔