نواز ،مریم کو اپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہو گیا ،بوکھلاہٹ میں ریاستی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ‘ جمشید چیمہ 

 
0
315

پیپلز پارٹی کے بعد (ن) لیگ بھی عوام کے غیض و غضب کا شکار ہے ،تجربہ کار حکمرانوں نے پنجاب کا بیڑہ غرق کر دیا 
پی ٹی آئی بھرپور طریقے سے میدان میں ہے ،عوام نے موقع دیا تو مایوس نہیں کرینگے‘امیدوار این اے 127کا خطاب
لاہور 02جولائی(ٹی این ایس) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، حلقہ این اے 127سے نامزد امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی انتھک جدوجہد سے ثابت کیا ہے کہ انہیں ذاتی نہیں بلکہ ملک وقوم کا مفاد عزیز ہے ، نواز شریف اور مریم نواز کو اپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہو گیا ہے اسی لئے بوکھلاہٹ میں ریاستی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقے کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے موقع پر ووٹرز سے ملاقات اورکارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ کرپشن اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے جس طرح عوام نے پیپلز پارٹی کو سیاسی اور انتخابی میدان سے باہر کیا ہے مسلم لیگ (ن) بھی اسی غیض و غضب کا شکار ہے اور 25جولائی فیصلہ کن دن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے خیبر پختوانخواہ میں گورننس کے جو معیار طے کئے ہیں عالمی ادارے بھی اس کے معترف ہیں جبکہ تجربہ کار حکمرانوں نے پنجاب کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ۔صوبے کے عوام شعبدہ باز وزیر اعلیٰ سے نجات کے لئے جھولیاں اٹھا اٹھا کر دعائیں مانگتے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لوگوں نے منتخب ہونے کے بعد اپنے حلقوں اور اس میں بسنے والوں کی بجائے ساری توجہ اپنے اوپر مرکوز رکھی اور یہی وجہ ہے کہ آج عوام پی ٹی آئی کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ والے بہترین کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں کامیابی کے دعوے کر رہے ہیں لیکن ووٹرز حلقوں میں آنے والے ان کے امیدواروں کا کڑا احتساب کر رہے ہیں ۔ پی ٹی آئی بھرپور طریقے سے میدان میں ہے اور عوام نے موقع دیا تو انہیں مایوس نہیں کریں گے۔