کراچی کی تعمیر نو کے لئے منتخب نمائندے میاں محمد شہباز شریف کے وژن کو اپنائیں گے،علی اکبر گجر 

 
0
848

. شہر قائد کو لاہور کے ہم پلہ ترقی یافتہ سرسبز و شاداب بنانے کے لئے شہریوں کا بھرپور تعاون ناگزیر ہے،صدر مسلم لیگ (ن)کراچی 
کراچی 02جولائی(ٹی این ایس)پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے منتخب نمائندے کراچی کو ماضی کی لوٹ مار کی طرف نہیں جانے دیں گے. شہر کے عوام نے میاں محمد نواز شریف کا ساتھ دیا تو کراچی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں پاکستان کے تمام شہروں سے آگے نکل جائے گا. قومی اسمبلی کے حلقے NA-244 کیلئے میاں محمد نواز شریف کے نامزد امیدوار ڈاکٹر مفتاح اسما عیل اورصوبائی اسمبلی کے حلقے PS-103 کے لئے قائد نواز شریف کے نامزد امیدوار علی عاشق گجر کی انتخابی مہم کے سلسلے میں گلشن جمال میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے علی اکبر گجر نے کہا کہ کراچی کی تعمیر نو کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے منتخب نمائندے میاں محمد شہباز شریف کے وژن کو اپنائیں گے. شہر قائد کو لاہور کے ہم پلہ ترقی یافتہ سرسبز و شاداب بنانے کے لئے کراچی کے شہریوں کا بھرپور تعاون ناگزیر ہے. سندھ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے بہترین ٹیم میدان میں اتاری ہے جس کی صلاحیتیں سندھ کی معاشی، زرعی اور صنعتی ترقی کی ضمانت بنیں گی. پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاسی تاریخ گواہ ہے کہ ہمیں عوام نے جب بھی اپنے بھرپور اعتماد سے نوازا ہم نے پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے سفر کو آگے بڑھایا. پاکستان میں تعمیرات، مواصلات، توانائی کے شعبوں میں عظیم الشان ترقی میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ممکن ہوئی۔ میاں محمد نواز شریف کے قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے ہی آج پاکستان دنیا کاناقابل تسخیر اسلای ملک بن چکا ہے. خطے کے تھانے داروں کی روز روز کی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب ایٹمی دھماکے میاں محمد نواز شریف کا ایسا کارنامہ ہے جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا. پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار برائے PS-103 علی عاشق گجر نے اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں گلشن جمال کے عمائدین سے خطاب میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک کی واحد جماعت ہے جس کی سیاست پاکستانی کی معاشی، صنعتی، دفاعی ترقی اور عوام کے لئے بہترین طرز زندگی کو یقینی بنانے کے گرد گھومتی ہے. کراچی کے شہری پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ساتھ دیں ہم یقین دلاتے ہیں کہ کہ قائد میاں محمد نواز شریف اور مرکزی صدر میاں محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق کراچی کو پاکستان کا سب سے مثالی شہر بنائیں گے.