علاج کیلئے بھارت جانے والی 7 سالہ پاکستانی زینب لدھیانہ کے ہسپتال میں انتقال کر گئی

 
0
321

فیصل آباد جولائی 3(ٹی این ایس)پاکستان سے علاج کیلئے بھارت جانے والی 7 سالہ زینب لدھیانہ کے ہسپتال میں انتقال کر گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق 7 سالہ بچی زینب کے دل میں تین سوراخ تھے جس کے باعث فیصل آباد کارڈیالوجی ہسپتال نے کہا تھا کہ بچی کی سرجری میں اس کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے جس کے بعد اس کے والد نے بھارت کے ایک ہسپتال میں رابطہ کیا جہاں ان کو یقین دہانی کروائی گئی کہ ہسپتال میں ایسے مرض میں لاحق بچوں کا علاج کیا جاتاہے جس کے بعد علاج پر تقریبا 25 لاکھ روپے خرچ آنا تھا اور امدا د وصول ہونے کے بعد زینب کے والد گزشتہ ہفتے اسے لر کر بھارت چلے گئے جہاں گزشتہ روز زینب کی سرجری کی گئی اور اسے آئی سی یو میں منتقل کیا گیا۔والد کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ زینب کی سرجری کامیاب ہوئی ہے، لیکن آئندہ 24 گھنٹے بچی کے لیے اہم ہیں۔ لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی اور انتقال کر گئی ۔ ہسپتال انتظامیہ نے زینب کی میت اس کے والدین کے حوالے کر دی ہے لیکن میت پاکستان واپس لانے میں زینب کے والد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جس پر انہوں نے پاکستانی سفارتخانے سے مدد کی اپیل کی ہے ۔زینب کے والد نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں الزام عائد کیا کہ سفری دستاویزات کے لیے پولیس کبھی ایک دفتر تو کبھی دوسرے دفترکے چکر لگوا رہی ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے بیٹی کی میت واپس لانے کے لیے پاکستانی سفارتخانے سے مدد کی بھی اپیل کی۔