مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی کردار کو زک پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی ، کل جماعتی حریت کانفرنس 

 
0
608

حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے مسلم اکثریتی کردار کے خلاف سازشوں کو ہرگز کامیاب ہونے نہیں دے گی ‘ہر طرح کی قربانیاں دینے کے لیے تیار ہے
بھارت نے اپنی ضد اور ہٹ دھرمی پر قائم رہتے ہوئے سیدعلی گیلانی کو گزشتہ 8برسوں سے مسلسل گھر میں نظربند کررکھا ہے
سرینگراگست 28(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے مسلم اکثریتی تشخص کو زک پہنچانے کی کوششوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیاجائیگا اور اس طرح کی کسی بھی کوشش کوناکام بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان خیالات کااظہار حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی کی زیر صدارت حریت کانفرنس کی مجلس شوری کے ایک ہنگامی اجلاس میں کیاگیا ۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور بھارت کے قانونی اداروں کی طرف سے دفعہ 35Aکی منسوخی کے حوالے سے حریت پسند عوام کے اندر مخاصمانہ ردّعمل کے تناظر میں اہم امور پر غوروخوض کیا گیا۔ اجلاس میں کہاگیا کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیری عوام پر عدالتی فیصلوں کو ٹھونسنے کے لیے عوامی غیض وغضب کا امتحان لینے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔

اجلاس میں مشترکہ حریت قیادت کو اپنا بھرپور تعاون دینے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے مسلم اکثریتی کردار کے خلاف ہورہی گہری سازشوں کو ہرگز کامیاب ہونے نہیں دے گی اور اس حوالے سے ہر طرح کی قربانیاں دینے کے لیے تیار ہے۔اجلاس میں حریت قیادت کی طرف سے جمعرات اور جمعہ کو احتجاجی ہڑتال کی کال کے حوالے سے کشمیری عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ بھرپورشرکت کے ذریعے ہڑتال کوکامیاب بنائیں اور سول کرفیو نافذ کرکے جموں وکشمیر کے مسلم اکثریتی تشخص کے خلاف ہورہی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے بھرپور احتجاج کریں۔

اجلاس میں بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ علاقے کے اطراف واکناف میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاگیا کہ کشمیری عوام کو بدترین نگی صورتحال میں زندگی کی تلخیوں اور ناقابل بیان مصیبتوں کا سامنا ہے۔ اس موقع پر اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ جموں و کشمیر کی موجودہ گھمبیر صورتحال کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے اس انسانی مسئلے کو رائے شماری کے جمہوری فارمولہ کے ذریعے حل کرنے کیلئے بھارت پردباؤ بڑھائے ۔

اجلاس میں حریت چیئرمین سید علی گیلانی کی مسلسل گھر میں نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے کہاگیا کہ بھارت نے اپنی ضد اور ہٹ دھرمی پر قائم رہتے ہوئے سیدعلی گیلانی کو گزشتہ 8برسوں سے مسلسل گھر میں نظربند کررکھا ہے ۔ اجلاس میں حریت رہنماء بلال احمد صدیقی، مولوی بشیر احمد عرفانی، پیر عبدالرشید، محمد یوسف نقاش، زمرودہ حبیب، بشیر احمد اندرابی، نثار حسین راتھر، سید محمد شفیع، حکیم عبدالرشید، امتیاز احمد شاہ، غلام محمد ناگو، خواجہ فروس احمد وانی، عبدالحمید اِلٰہی اور غلام احمد گلزار نے شرکت کی۔