اسلامی قوانین کو بدلنے کی بھارت کی بہیمانہ کارروائی مسلمانوں کے دینی امور میں مداخلت ہے جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا‘سید علی گیلانی

 
0
350

سرینگرجنوری 2 (ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی پارلیمنٹ کی طرف سے تین طلاق دینے کے معاملے کو قابل سزا جُرم قرار دینے اور بھارتی وزیر اعظم کی طرف سے مسلم خواتین کو بغیر محرم حج اورعمرہ کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی قوانین کو بدلنے کی بھارت کی بہیمانہ کارروائی مسلمانوں کے دینی امور میں مداخلت ہے جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ دراصل بھارتی حکومت بھارت کو تیزی سے ایک ہندو راشٹر بنانے کی راہ پر گامزن ہیں اور اس ضمن میں وہ سب سے پہلے دین اسلام کی بنیادوں کو اکھیڑنے کے درپے ہونا چاہتی ہے، جوکہ قطعی طور پر ناممکن ہے۔انہوں نے کہاکہ اس کے بعد دوسری تمام اقلیتوں کو ہندوازم میں ضم کرنا بھارت ایک آسان عمل سمجھتا ہے۔

انہوں نے بھارت کی طرف سے اسلام جیسے آفاقی دین کو نشانہ بنانے کی دوسری اہم وجہ عالمی سطح کے ساتھ ساتھ خود بھارت میں نوجوان نسل میں دین اسلام کی مقبولیت تیزی سے اضافہ ہے جس نے بھارت کی موجودہ حکومت میں شامل فرقہ پرست جماعتوں آر ایس ایس، شیو سینا اور بی جے پی کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ سیدعلی گیلانی نے اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے معزز ارکان ممالک سے اپیل کی کہ وہ بھارت جیسی اسلام دشمن قوتوں کی طرف سے اسلام کے حیات بخش قوانین میں ردوبدل کرنے کی کارروائیوں کاسخت نوٹس لیں اوردین مبین کے خلاف ہورہی گھناؤنی سازشوں کو طشت ازبام کرنے کا فریضہ انجام دیں۔حریت چیئرمین نے عالم اسلام کے جید علمائے کرام اور مجتہدین سے بھی اپیل کی کہ بعض فقہی مسائل میں فروعی اختلافات کے حوالے سے ایک جامع فیصلہ ساز ادارے کا قیام عمل میں لاکر متعصب غیر مسلم اسلام دشمنوں کیلئے تمام کمزور دروازوں کو بند کرنے کا منظم آغاز کیا جائے ۔

انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ دین اسلام کے مستند الٰہی قوانین کے خلاف ایک فرقہ پرست حکومت ردّ وبدل کرنے کا بڑی ڈھٹائی کے ساتھ اعلان کرتی ہے اور عالم اسلام کے مفکرین خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ سیدعلی گیلانی نے دنیا میں اگر صرف ایک ہی مسلمان موجود ہو تواُس کے لیے قرآن اور سنت کا اتباع فرض عین ہے، اگرچہ پوری دنیا اس کی مخالف ہو۔ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حریت چیئرمین سید علی گیلانی نے جمعرات کو حیدرپورہ سرینگر میں ’’مسئلہ کشمیر کا حل حق خودارادیت کے آئینے میں‘‘ عنوان سے ایک سیمینار منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں معروف دانشور ، صحافی اور حریت پسند مفکرین ورہنما اپنے زریں خیالات پیش کریں گے۔ سیمینار کی صدارت سید علی گیلانی کریں گے۔