پنجاب کے تمام اضلاع میں پولیس فورس کی پری الیکشن ٹریننگ کا آغاز 

 
0
316

سات دنوں پر محیط خصوصی تربیتی سیشن میں بیلٹ باکسز ، ریٹرنگ آفیسرز اور اہم شخصیات کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ابتدائی طبی امداد، فائر فائٹنگ،غیر مسلح لڑائی ، کمانڈنگ/لیڈرشپ سکلز ، ایمرجنسی صورتحال کا سامنا اور الیکشن کے روز قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کے ساتھ موثرکوارڈی نیشن کے حوالے سے مہارتوں کی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی 
لاہور 04جولائی(ٹی این ایس) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس فورس کی پری الیکشن ٹریننگ کا آغاز ہوگیا ہے ، سات دنوں پر محیط خصوصی تربیتی سیشن میں بیلٹ باکسز ، ریٹرنگ آفیسرز اور اہم شخصیات کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ابتدائی طبی امداد، فائر فائٹنگ،غیر مسلح لڑائی ، کمانڈنگ/لیڈرشپ سکلز ، ایمرجنسی صورتحال کا سامنا اور الیکشن کے روز قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ موثرکوارڈی نیشن کے حوالے سے مہارتوں کی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی اور اس ٹریننگ کا مقصد الیکشن کے روز کسی بھی قسم کے سانحہ ، صورتحال یا ناخوشگوار واقعے کا سامنا کرنے کیلئے ڈیوٹی سر انجام دینے والی فورس کی استعداد کار کو بڑھانا ہے۔ سات روزہ ٹریننگ کو تین ، تین روز کے دو سیشنز میں تقسیم کیا گیا ہے اورشیڈول کے مطابق یکم سے سات جولائی تک راولپنڈی ، سرگودھا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ ریجن کے اضلاع میں پری الیکشن ٹریننگ کا انعقاد کیا جائے گا جس کے بعد دوسرے مرحلے میں لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال ، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور ریجن کے اضلاع میں 9جولائی سے 15جولائی تک ٹریننگ سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام کی ہدایت پر ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول لاہور میں پری الیکشن ٹریننگ کے بروقت انعقادکیلئے ٹیمیں بنا دی گئی ہیں ،

شیڈول کے مطابق تمام اضلاع کی پولیس لائنز میں ڈسٹرکٹ ایلیٹ گروپس اور سپیشل ایلیٹ گروپس سے ماہر انسٹرکٹرز کی زیر نگرانی سات روزہ تربیت کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ ایلیٹ ٹریننگ سکول لاہور سے ایک ماسٹر ٹرینر پورے پروگرام کی نگرانی اور اہلکاروں کی راہنمائی کیلئے ہر ضلع میں موجود ہوگا ۔ تمام ضلعی پولیس افسران کو ٹریننگ کے موثر انعقاد کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ٹریننگ کے مختلف سیشنز کے دوران کسی قسم کے تعطل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ شاہد حنیف ٹریننگ کے تمام تر مراحل کی نگرانی کرتے ہوئے پندرہ جولائی تک اس کے انعقادکو ہرصورت یقینی بنائیں گے ۔ٹریننگ کے انعقاد اور تیاریوں کے حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شفاف اور پر امن الیکشن کا غیر جانبداری سے انعقاد پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے ہم محکمہ پولیس کے موجودہ وسائل استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ فورس کی استعداد کا ربڑھانے کے لئے بھی کوشاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختصر دورانیہ کی اس ٹریننگ کے بروقت انعقاد سے الیکشن کے دن ڈیوٹی کرنے والے تمام اہلکاروں کو بھرپور فوائد حاصل ہونگے اور وہ پولنگ ڈے پر اپنے پیشہ ورانہ فرائض مزید بہتر انداز میں ادا کرسکیں گے۔ آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ ٹریننگ پروگرام میں تمام اہلکاروں کی شرکت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اگر وسائل کی فراہمی کے حوالے سے کوئی بھی ضرورت یا معاونت درکار ہے تو سنٹرل پولیس آفس سے فی الفور رابطہ کیا جا ئے ۔