تاجراور صنعت کار قومی معیشت میں بنیادی کردار کے حامل ہیں ،ممنون حسین

 
0
418

اسلام آباد04جولائی(ٹی این ایس) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ تاجر اور صنعت کار قومی معیشت میں بنیادی کردار کے حامل ہیں اور ملکی معیشت کے استحکام،اقتصادی ترقی ، بیروزگاری کے خاتمے اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے لیے ان کی سرگرمیاں بہت اہم ہیں۔ یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے سفارت کاروں کے اعزاز میں دیئے گئے سالانہ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید، مختلف ممالک کے سفارت کاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک دہشت گردی کے مہیب سایوں سے نکل کر ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت معیشت بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے، اسٹاک مارکیٹیں بہتر انداز میں کام کر رہی ہیں اور معیشت میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں۔انھوں نے کہا کہ امن و امان کی بحالی کے نتیجے میں ملک میں کاروباری سرگرمیاں زور پکڑ رہی ہیں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے۔ انہوں نے پاکستانی اور بیرونی سرمایہ کاروں سے کہا کہ وہ اس کاروباری مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔ انھوں نے کہا کہ تاجربرادری سفارتی برادری کا تعاون حاصل کر کے اقوام عالم کے ساتھ اپنے روابط کو مضبوط بنائیں۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے وطنِ عزیز میں کام کرنے والی سفارتی برادری کے ساتھ میل جول ، فعال اور متحرک روابط کے اقدامات کو سراہا۔صدر مملکت نے مزید کہ کہ پاکستان شاندار محل وقوع کی وجہ سے مستقبل کی اقتصادی ضروریات پوری کرنے کے لیے اقتصادی راہداری کے ذریعہ پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے اورگوادر کی بندرگاہ وسط ایشیا ئی ممالک کے لیے گیٹ وے کے طور پر ابھر رہی ہے۔انھوں نے توقع کا اظہار کیا کہ خطے میں ابھرنے والے یہ امکانات عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری ترقی کے اس سفر میں پاکستان کے ساتھ شریک ہو۔ صدر مملکت نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آنے والی حکومت ملک کی اقتصادی اور معاشی ترقی کے اس سفر کو جاری رکھنے پر خصوصی توجہ دے گی اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی ان کوششوں کو جاری رکھے گی۔انھوں نے کہا کہ دنیا میں اس وقت تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ اس کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے خود کو ان تبدیلیوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ تجارتی شعبے کو بھی موجودہ حالات کے تحت مربوط حکمت عملی تشکیل دینے کی ضرورت ہے تاکہ یہ شعبہ بغیر کسی رکاوٹ کے ترقی کا عمل جاری رکھ سکے۔انھوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم تجارتی شراکت داروں سے اپنے تعلقات کو مزید وسعت دیں اور پاکستانی مصنوعات کو اْن خطوں تک بھی پْہنچانے کی کوشش کریں جہاں اِن کی رسائی ابھی تک نہیں ہوسکی ،خاص طور پر وہ ممالک جن کی معیشتیں تیزی سے ترقی کر رہی ہیں۔ انھوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ ہمارے تاجر اور صنعت کار روایتی منڈیوں کے ساتھ ساتھ نئے کاروباری مراکز تلاش کرتے ہوئے اپنے کاروبار کو وسعت دیں۔ صدر مملکت نے تقریب میں موجود سفرا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہم اپنے ملک میں آپ کی موجودگی سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے خواہش مند ہیں اور دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں آپ کا کردار اہم ہے ، ہم توقع کرتے ہیں کہ آپ دوطرفہ مفاد میں اپنی مثبت سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں گے۔