اسلام آباد جولائی4(ٹی این ایس) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نااہل نواز شریف کوعدلیہ کی توہین کرنے پر عبرت ناک سزا سنائی جائے،انہوں نے کہا کہ نواز شریف اینڈ کمپنی نے عدلیہ کی توہین کی حد کر دی،قومی اداروں کی تذلیل اور بھارت نوازی آل شریف کی رگ رگ میں شامل ہے،وہ گزشتہ روز توہین عدالت کے مرتکب ہونے پر نواز شریف کو سزا دلوانے کے لئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے،اس موقع پر عوامی تحریک کے ابراررضاایڈووکیٹ،نیاز انقلابی ایڈووکیٹ،بھی ان کے ہمراہ تھے،خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ نواز شریف نے نااہلی کے بعد اسلام آباد تا لاہور خواری کے دوران عدلیہ اور طاقت کے گٹھ جوڑ ختم کرنے کا بیان دے کر اداروں کے کام میں مداخلت اور توہین عدالت کی،مجھے کیوں نکالا بھی عدلیہ کے لئے دھمکی آمیز بیان اور عدالتوں کی توہین کے زمرے میں آتاہے،نااہلی کے بعد اسلام آباد تا لاہور عدلیہ کے احکامات کو پاوں تلے روندا گیا اور اب تک مسلسل روندا جا رہا ہے۔خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہم نے اسی دوران نواز شریف کے خلاف ہائی کورٹ میں توہین عدالت کا کیس کیا ،ہائی کورٹ نے کیس انٹرا کورٹ میں لے جانے کا کہا ،ہم پھر انٹراکورٹ اپیل میں بھی گئے جس کے بعد ہم نے آج سپریم کورٹ کادروازہ کھٹکھٹایا ،انہوں نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ سے انصاف کی توقع ہے۔













