تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے: پلڈاٹ

 
0
314

لاہور ، جولائی 05(ٹی این ایس): پلڈاٹ کی جانب سے سروے کی بنیاد پر کہا گیا ہے کہ قومی سطح پر تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے ، پنجاب میں مسلم لیگ ن کی مقبولیت میں کمی ،کے پی میں تحریک انصاف اور سندھ میں پیپلز پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بلوچستان کی صورتحال غیر واضح ہے ۔

ٹی وی پروگرام میں  احمد بلال محبوب سربراہ پلڈاٹ نے کہا کہ قومی سطح پر بڑی تقسیم نظر آتی ہے جس میں تحریک انصا ف کی مقبولیت زیادہ ہے جبکہ مسلم لیگ ن کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ پنجاب میں سروے کے مطابق مسلم لیگ ن کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی لیکن لگتا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات حیران کن ہے کہ کے پی میں تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور وہ وہا ں بغیر کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کے حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی ۔دوسری جانب سندھ میں پیپلز پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے ۔ 2013میں پیپلز پارٹی کو 32فیصد ووٹ ملے تھے لیکن اس وقت 44فیصد ووٹر ز نے پیپلز پارٹی کی حمایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کی عمل کی وجہ سے مسلم لیگ ن کے ووٹوں پر اثر پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت منقسم ووٹ کی تعداد زیادہ ہے جو الیکشن میں ایک فیصلہ کن کردار اداکر سکتا ہے ۔ بلوچستان کی صورتحا ل غیر واضح ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی حوالے سے پاکستان میں کئے جانیوالے اکثر سروے درست ثابت ہوتے ہیں۔