نگران وزیراعلیٰ سندھ سے افضال میموریل تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات

 
0
442

کراچی 6 جولائی (ٹی این ایس)نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے کہا ہے خون کی تمام بیماریوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے اور مریض بچوں کو خون کی تبدیلی کی سہولت فراہم کرنے والے ادارے نمایاں کام کررہے ہیں، خون کی بیماریوں کے علاج کے لئے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے، تھلیسیمیا کے حوالے سے قانونسازی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے سے ہی اس مرض سے بچا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے افضال میموریل تھلیسیمیا فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عتیق الرحمان کے سربراہی میں وفد سے آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں تھلیسیمیا سے متعلق عوام میں شعور پیدا کرنے اور تھلیسیمیا کے قانون پر عملدرآمد کرنے پر اتفاق ہوا۔

وفد کے اراکین میں فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عتیق الرحمان، صدر ذکی احمد، ریحان یاسین، سمیع اللہ شیخ اور عبداللہ عابد سمیت وزیراعلیٰ سندھ کے قائم مقام پرنسپل سیکریٹری حفیظ عمرانی نے شرکت کی۔نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ خون کی بیماریوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بچوں کو ان کا شکار ہونے سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ خون کے امراض سے متعلق کام کرنے والی تمام غیرسرکاری تنظیموں کو بھی ایک پلیٹفارم پر متحد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی کاوشوں کو یکجا کرکے ایک مربوط پالیسی تشکیل دی جاسکے نیز انہوں نے تھلیسمیا قانون کے تحت شادی کیلئے لڑکے اور لڑکی کا خون ٹیسٹ کرانا لازمی قرار دیا ۔

انہوں نے افضال میموریل تھلیسمیا فاؤنڈیشن کی جانب سے 24 گھنٹے تھلیسمیا کے مریض بچوں کو نگہداشت ، خون کی تبدیلی اور آئی سی یو کی 24 گھنٹے بلا معاوضہ فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نہایت قابل تحسین عمل ہے ۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عتیق الرحمان نے وزیراعلیٰ سندھ کو اپنے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ بھی دی۔