مقبوضہ کشمیر :برہان وانی کی دوسری برسی پر آج مکمل ہڑتال، قابض حکام نے مزاحمتی قیادت کے ترال چلو کی کال کے پیش نظر ترال میں اعلانیہ اور سرینگر سمیت دیگر علاقوں میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کردیا ہے

 
0
556

چپہ چپہ قابض فورسز تعینات، مزاحمتی قیادت خانہ و تھانہ نظر بند
سرینگر، 08جولائی  (ٹی این ایس):مقبوضہ کشمیر میں ممتاز  مجاہد کمانڈر  رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر آج مکمل ہڑتال  کی جارہی ہے۔دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے برہا ن مظفر وانی کو 8جولائی 2016کوضلع اسلام آباد کے علاقے ککر ناگ میں دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیاتھا۔
ہڑ کال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمدیاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے۔مشترکہ قیادت نے آج شہید برہان وانی کے آبائی علاقے ترال کی طرف مارچ اور وہاں پر ایک عوامی اجتماع کے انعقاد کا بھی اعلان کر رکھا ہے جس کا مقصدشہید نوجوان رہنما اور 8جولائی 2016کو انکی شہادت کے بعد چلنے والی احتجاجی تحریک کے دوان شہید ہونے والے دیگر نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
تاہم قابض انتظامیہ نے ترال میں عوامی اجتماع کو ناکام بنانے کیلئے کرفیو نافذ کر دیاہے اور قصبے کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر نے کے علاوہ ترال اور اسکے ارد گرد کے علاقوں میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیے۔ انتظامیہ نے ترال کی طرف مارچ اور بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کیلئے سرینگر اور دیگر تمام بڑے قصبوں میں بھی پابندیاں لگادی ہیں اور بڑی تعدادمیں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔ قابض انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی ہیں جبکہ بارہمولہ تا بانیہال چلنے والی ریل سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔
ہیں۔ انتظامیہ نے سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، محمد اشرف صحرائی، ظفر اکبر بٹ ، بلال صدیقی، محمد یوسف نقاش اور دیگر کو مارچ کی قیادت سے روکنے کیلئے گھروں اور تھانوں میں نظر بند کر دیا ہے ۔
دریں اثنا مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے گزشتہ روزکولگام کے علاقے ریڈ ونی میں ایک کم عمر لڑکی سمیت تین شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے بہیمانہ واقعے کے خلاف آج یوم سیاہ منانے کی بھی اپیل کی ہے ۔ مشترکہ قیادت نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ شہید شہریوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کریں۔