یکہ توت حملہ ، پاکستان تحریک انصاف نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کر دیا

 
0
830

پی ٹی آئی کی آج خیبرپختونخواہ میں تمام انتخابی سرگرمیاں منسوخ ، پارٹی پرچم سرنگوں رہے گا۔مرکزی ترجمان پی ٹی آئی
پشاور جولائی 11(ٹی این ایس): یکہ توت حملے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے آج خیبرپختونخواہ میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے صوبے بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ یکہ توت حملہ سفاکانہ اور قابل مذمت ہے۔ حملے میں اے این پی رہنما ور کارکنوں کی شہادت پر پورا ملک سوگوار ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی بلور خاندان اور اے این پی کا مکمل غم بانٹے گی۔ پی ٹی آئی نے بلور خاندان اور اے این پی سے مکمل اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت آج خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی کی تمام انتخابی سرگرمیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ صوبے بھر میں پارٹی پرچم سر نگوں رہیں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ رات پشاورکے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے میں خوفناک خود کش بم دھماکہ ہوا۔دھماکے کے نتیجے میں اے این پی رہنما ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید جبکہ 62 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ دھماکہ اسٹیج کے قریب ہوا اس لیے یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ دھماکے میں سیاسی قیادت کو ہی نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے سے قریبی املاک کو شدید نقصان پہنچا جبکہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔