بلور خاندان نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں اور قوم انہیں تسلیم کرتی ہے ،آج ہم سب یکجہتی کے طور پر ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

 
0
276

اسلام آباد جولائی 11(ٹی این ایس) ء چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک کی ترقی اور جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں لیکن جمہوری قوتوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا تاکہ ان عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے جو ملک میں افراتفری پھیلا کر اپنے مذموم عزائم کا حصول ممکن بنانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھماکہ اس وقت کیا گیا ہے جب پاکستان میں انتخابی عمل کی صورت میں اہم پیش رفت ہونے جارہی ہے اور تمام سیاسی جماعتیں انتخابی مہم کی صورت میں عوامی رابطے میں مصروف عمل ہیں ۔ تاہم ہمیں اس بات کا اعادہ کرنا ہوگا کہ ان عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں ہی اس قوم کی فلاح ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلور خاندان نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں اور قوم انہیں تسلیم کرتی ہے اور آج ہم سب یکجہتی کے طور پر ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔
چیئرمین سینیٹ نے یکہ توت میں اے این پی کے جلسہ میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے اس دھماکے کے نتیجے میں ہارون بلور اور دیگر متعدد افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے ۔ چیئرمین سینیٹ نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی انکوائری کر کے ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا ،سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان نے بھی اس واقعے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔