پشاورمیں خود کش دھماکے کے بعد پنجاب میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا 

 
0
8523

انتخابی مہم میں شریک سیاسی رہنماؤں اور امیدواروں کی سکیورٹی کو مزیدسخت کرنیکی ہدایت ،داخلی اور خارجی راستوں پربھی سکیورٹی بڑھادی گئی
لاہورجولائی 11( ٹی این ایس) پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خود کش دھماکے کے بعد لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ،انتخابی مہم میں شریک سیاسی رہنماؤں اور امیدواروں کی سکیورٹی کو مزیدسخت کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پشاورمیں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خود کش دھماکے کے بعد پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے پولیس اور ماتحت انٹیلی جنس اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیاہے ۔

ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب کی جانب سے پولیس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ انتخابی مہم میں شریک تمام سیاسی رہنماؤں اور امیدواروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں ۔ اس سلسلہ میں سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کے منتظمین سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے طور پر بھی سکیورٹی کے انتظامات کریں تاکہ مشکوک اور غیر متعلقہ شخص کے بارے میں فوری آگاہی حاصل ہو سکے ۔

پولیس کی جانب سے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر کے آنے جانے والی گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پولیس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی مقام پر انتخابی کارنر میٹنگ یا اجتماع سے قبل اطراف میں سکیورٹی کلیئرنس کو یقینی بنائیں ۔