سپریم کورٹ آف پاکستان کے افسران نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیہ دینے کا اعلان کر دیا

 
0
358

اسلام آباد جولائی 11(ٹی این ایس) ::سپریم کورٹ آف پاکستان کے افسران نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیہ دینے کا اعلان کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کے افسران اپنی دو دن کی تنخواہ ڈیمز کی تعمیر کے فنڈ میں جمع کروائیں گے جبکہ گریڈ 15 کے ملازمین ایک دن کی تنخواہ ڈیمز کی تعمیر کے لیے جمع کروائیں گے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں پانی کی قلت پر قابو پانے ، محکمہ زراعت کو پانی کی فراہمی اورپینے کے صاف پینے کےلیے سپریم کورٹ نے ملک میں دو ڈیمز دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز بنانے کا حکم دیا تھا۔
چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے اپنی جیب سے 10 لاکھ روپے بھی عطیہ کیے۔ چیف جسٹس کی جانب سے عطیہ دئے جانے کے بعد ڈیمز کی تعمیر کے لیے پیسے عطیہ کرنے کا ٹرینڈ بن گیا۔
پاک فوج نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے کارخیرمیں بڑھ چڑھ کرحصہ لینے کا اعلان کیا اورپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاک فوج بھی ڈیموں کی تعمیر کے لیے کارخیرمیں بڑھ چڑھ کرحصہ ڈالے گی۔

پاک فوج دیا میربھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کے فنڈزمیں حصہ قومی فریضہ کے تحت ڈالیں گے۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ تینوں مسلح افواج جن میں بری فوج ، پاک فضائیہ اور پاک نیوی کے سربراہان اور افسران 2 دن کی تنخواہیں فنڈ میں جمع کروائیں گے۔ تینوں مسلح افواج کے جوان ایک دن کی تنخواہ کارخیرمیں جمع کروائیں گے۔اس کے بعد چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے پانچ لاکھ روپے عطیہ کیے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخواہ کے سرکاری افسران اور فیسکو افسران نے بھی اپنی 3 اور ملازمین نے اپنی ایک ایک دن کی تنخواہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کیا تھا۔حبیب بنک لمیٹڈ نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے رقم عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بنک شمس الحسن نے نیوز کانفرنس کی۔شمس الحسن نے بتایا کہ حبیب بنک لمیٹڈ نے ڈیمز فنڈ کے لیے 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔اس کے علاوہ ایچ بی ایل ملازمین اور یو بی ایل ملازمین بھی ایک دن کی تنخواہ فنڈز میں دیں گے۔ معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے 3 لاکھ روپے عطیہ کیے۔ یہی نہیں پاکستانی عوام میں موجود محب وطن پاکستانیوں نے بھی پانی کی قلت سے چھُٹکارا پانے اور ڈیمز کی تعمیر کے لیے اپنی اپنی استطاعت کے مطابق فنڈ جمع کروانا شروع کر دئے ہیں۔
واضح رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے بنک اکاؤنٹس مخصوص کیے گئے ہیں جس میں عطیے کی رقم جمع کروائی جا سکتی ہے۔اس بنک اکاؤنٹ کا ٹائٹل دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ2018ء (“DIAMER-BHASHA AND MOHMAND DAM FUND –2018”)رکھا گیا ہے اور اکاؤنٹ نمبر 4-001-299999-593-03 ہے جبکہ آئی بی این نمبر PK06SBPP0035932999990014 ہے۔