نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا پاور ان ٹیک سسٹم مکمل 

 
0
482

پراجیکٹ کے تمام یونٹس سے بجلی پیدا کرنے کے لئے درکار پانی کے لئے تیسرا ڈی سینڈر بھی آپریشنل
مظفر آباد،جولائی 12 (ٹی این ایس): نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی ڈیم سائٹ پر پاور ان ٹیک سسٹم مکمل ہوگیا ہے۔ منصوبے کے چاروں یونٹس سے بجلی کی پیداوار کے لئے درکار پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تیسرا اور آخری ڈی سینڈر بھی آپریشنل ہوگیا ہے۔ پراجیکٹ کے آبی ذخیرے سے 52 کلومیٹر طویل سرنگوں میں پانی کے اخراج کے لئے ڈیم کے ساتھ تین ڈی سینڈر تعمیر کئے گئے ہیں تاکہ پاور ہاس میں نصب یونٹس سے بجلی پیدا کی جاسکے۔

اس وقت نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تین یونٹس بجلی پیدا کررہے ہیں ، چنانچہ پانی کی زیادہ مقدار کے پیش نظر ریزروائر میں پانی کی سطح بھی بلند کر دی گئی ہے۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تین مرکزی حصے ہیں جن میں ڈیم اور ڈی سینڈر، واٹر وے سسٹم اور پاور ہاس شامل ہیں۔ ڈیم اور ڈی سینڈر دریائے نیلم پر آزاد کشمیر میں نوسیری کے مقام پر تعمیر کئے گئے ہیں۔ کنکریٹ اور پتھروں کی بھرائی پر مشتمل ڈیم 60میٹر بلند اور 261میٹر طویل ہے ۔ ریزروائر میں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی گنجائش 10ملین کیوبک میٹر ہے۔ ریزروائرمیں پانی کا زیادہ سے زیادہ آپریشنل لیول سطح سمندر سے ایک ہزار 15میٹر بلند ہے جبکہ پاور ہاس میں پانی کی ضرورت کے پیش نظر ریزروائر میں اس وقت پانی کا لیول ایک ہزار 6اعشاریہ 5میٹر ہے۔ پاور ہاس میں ہر یونٹ سے بجلی کی پیداوار کے لئے 70کیوبک میٹر فی سیکنڈ پانی کا بہا درکار ہوتا ہے۔