مدینہ منورہ میں عازمینِ حج کی آمد کا سلسلہ جاری، حرم کے نزدیک 3، 4اور 5 سٹار ہوٹلوں میں قیام

 
0
311

عازمینِ حج کی سہولت کیلئے دفتر امور حجاج پاکستان کے زیر انتظام مختلف شعبوں نے کام شروع کر دیا
مدینہ منورہ جولائی 16(ٹی این ایس) مدینہ منورہ میں عازمینِ حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔اللہ کے مہمانوں کو حرم نبوی کے نزدیک 3، 4اور 5 سٹار ہوٹلوں میں رہائش دی جا رہی ہے۔ عازمینِ حج کی سہولت کیلئے جدہ اور مکہ مکرمہ کی طرح مدینہ منورہ میں بھی دفتر امور حجاج ، پاکستان کے زیر انتظام مختلف شعبے دن رات مصروفِ عمل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 14 جولائی کو شروع ہونے والے حج فلائٹ آپریشن کے پہلے دو دنوں میں تین ہزار سے زائد عازمینِ کرام مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں۔ تیسرے دن مزید 2 ہزار عازمینِ حج کی آمد کے انتظامات مکمل کئے جا چکے ہیں۔ وزارتِ مذہبی امو ر و بین المذاہب ہم آہنگی نے سرکاری سکیم کے عازمینِ حج کیلئے مدینہ منورہ میں حرم کے نزدیک ترین اعلیٰ رہائش گاہوں کا انتظام کیا ہیجن میں3، 4 اور 5 سٹار ہوٹل بھی شامل ہیں ۔ عازمینِ حج کو 13 کیٹرنگ کمپنیوں کے ذریعے ان کی رہائش گاہوں پر ہی تین وقت تازہ کھانا مہیا کیا جا رہا ہے ۔

عازمینِ حج نے بہترین رہائش گاہوں اور کھانے کے اعلیٰ معیار پر وزارت کے انتظامات کو سراہتے ہوئے بتایا کہ حرم نبوی کے نزدیک ترین رہائش گاہوں کی وجہ سے انہیں یکسوئی کے ساتھ روضہء رسولﷺ پر حاضری اور نمازوں کی ادائیگی میں نہایت سہولت ہے۔ عازمینِ حج مدینہ منورہ میں جنت البقی، مسجد قبا، مسجد قبلتین ، مسجد جمعہ اور شہدائے احد کی زیارات بھی کر رہے ہیں ۔ دوسری طرف پاکستان ہاوس ، مدینہ منورہ میں پہلے سے موجود عملہ کی معاونت کیلئے معاونین الحجاج، طبی اور سیزنل عملہ پر مشتمل 61 افسران اور سٹاف تعینات کیا جا چکا ہے جبکہ مقامی رستوں اور زبان سے وقفیت رکھنے والے ڈیڑھ سو سے زائد مقامی پاکستانی معاونین بھی مختلف شعبوں میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سرکاری حج سکیم کے تحت عازمینِ حج مدینہ منورہ میں آٹھ دن رہنے کے بعد اپنے پہلے عمرے، حج اور باقی قیام کیلئے مکہ مکرمہ روانہ کر دئیس جائیں گے۔