عمران اور مشرف کے درمیان رابطے

 
0
6374

رابطوں کے نتیجے میں ہی مشرف کی لیگ کے صدر قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر پی ٹی آئی کے حق میں دستبردار ہوگئے: ذرائع

اسلام آباد ، جولائی 17 (ٹی این ایس): سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف اور تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے درمیان مشترکہ دوستوں کے ذریعے ہونے والے رابطوں کے نتیجے میں آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر ڈاکٹر امجد اسلام آباد کے دو این اے 52اے این 53اور پنجاب کے حلقہ این اے 148سے تحریک انصاف کے حق میں دستبردار ہوئے ہیں ،

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ تحریک انصاف حکومت میں آنے کے بعد سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف پر قائم ہونے والے مقدمات پر نرم ہاتھ رکھے گی جب کہ ڈاکٹر امجد کو نئی حکومت میں اہم ذمہ داری بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق امجد نے عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کر کے تحریک انصاف کے حق میں الیکشن میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ این اے 52اور این اے 53 میں ڈاکٹر امجد کے انتخابی مہم چلانے میں نا کام ہوگئے تھے اور انہیں عوام کی حمایت بھی نہیں مل رہی تھی جس پر بعض مشترکہ دوستوں نے جنرل (ر) پرویز مشرف سے دبئی اور لندن میں رابطے قائم کیے جس کے بعد ڈاکٹر امجد نے عمران خان سے ملاقات کی اور ان کی حمایت کا اعلان کیا۔

بعض ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی پارٹی انتخابات کے بعد تحریک انصاف میں ضم ہوجائے گی اور اس حوالے سے تفصیلات انتخابات کے بعد طے کی جائیں گی۔ جب کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کو بھی بعض امور میں مستقبل میں رعایت دینے کا عندیہ بھی دیا گیاہے۔