اقوام متحدہ نے کشمیر رپورٹ پر بھارتی الزامات مسترد کردیئے، پاکستان

 
0
389

اسلا م آبادجولائی 18(ٹی این ایس)ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے دعویٰ کیا ہے کہ اقوام متحدہ نے کشمیر رپورٹ پر بھارتی الزامات کو مسترد کردیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مختلف ٹوئٹس کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے بغیر جانچ پڑتال کے رپورٹ کو مسترد کرنا کافی مایوس کن تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر (او ایچ سی ایچ آر) کی جانب سے اٹھائے گئے سنجیدہ نوعیت کے تحفظات کو حل کرنے میں بھارت ناکام ہوگیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ او ایچ سی ایچ آر کی جانب سے ہائی کمشنر اور ظفر بنگش کے درمیان کسی بھی طرح کے رابطے کی واضح طور پر تردید کردی ہے۔اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کی کشمیر رپورٹ میں بھارتی سرکاری ذرائع، بھارتی پارلیمان، بھارتی سپریم کورٹ اور بھارت کی داخلہ امور کی وزارت کا حوالہ دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ او ایچ سی ایچ آر بھارت کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوششوں سے پریشان ہے۔ترجمان کے مطابق او ایچ سی ایچ آر کا کہنا تھا کہ کشمیر رپورٹ، مقبوضہ وادء کے لاکھوں لوگوں کے انسانی حقوق سے متعلق ہے۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان کمشنر آف انکوائری (سی او آئی) کے دورے پر خوش آمدید کہتا ہے کیونکہ رپورٹ میں آزاد جموں کشمیر اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے دورے کی تجویز دی گئی تھی۔