اسلام آباد جولائی 21(ٹی این ایس) کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے رہائشی علاقوں میں قائم نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے سیکٹر جی 6 اور اس کے ذیلی سیکٹرز میں 12 اسکول سیل کردیے۔ رپورٹ کے مطابق اسکولوں کے خلاف یہ کارروائی سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹریٹ کے تحت کی گئی،
اس حوالے سے ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول سی ڈی اے فیصل نعیم کا کہنا تھا کہ ’اسلام آباد ہائیکورٹ کے حالیہ فیصلے اور سی ڈی اے کے قواعد ضوابط کے تحت ہماری کارروائی جاری رہیں گی کیونکہ رہائشی علاقوں میں نجی اسکولوں اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے سکتے۔
سی ڈی اے کے تحت سیل کیے گئے نجی اسکلوں میں ایجوکیٹرز اسکولز، شاہین اسکول اینڈ اکیڈمی، ہال مارک اسکول، اسکول اینڈ ٹوڈلر اکیڈمی، ایکسی لینس اسکول، قائد پبلک اسکول، اسکول ریسرچ، آرٹس اینڈ سائنس اسکولز، لرنرز اسکول اینڈ پی آئی ای ایس اسکول شامل ہیں۔سی ڈی اے حکام کا کہنا تھا کہ نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کے دوران انتظامیہ کی جانب سے کوئی مزاحمت دیکھنے میں نہیں آئی کیونکہ اس وقت تمام تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں ہوئی وی ہیں۔اسکول کی عمارتوں کو سیل کرنے کے بعد سی ڈی اے کی جانب سے اس معاملے پر متعلقہ پولس اسٹیشن آبپارہ کو بھی اس بات سے آغاہ کیا،
اس سلسلے میں بلڈنگ اتنظامیہ نے پولیس کو ایک خط لکھا، جس میں کہا گیا کہ’اس بات کا خدشہ ہے کہ کچھ کرائے دار اور مالکان 12 اسکولوں کی سیل توڑ سکتے ہیں، لہٰذا ان سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ سیل شدہ عمارتوں پر نظر رکھیں اور کسی چوری یا غیر یقینی صورتحال پر حکم جاری کیں‘۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں رہائشی علاقوں میں 363 نجی اسکول ہیں، حال ہی میں شہری ادارے نے رہائشی علاقوں میں پر اسکول کی اجازت دینے کی تجویز مسترد کی تھی،
تاہم اب سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ کی جانب سے ایک سمری تیار کی جارہی ہے، جو سی ڈی اے بورڈ کے سامنے پیش کی جائے گی اور قوانین کو تبدیل کرنے کی اجازت حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ پری اسکولوں کو رہائشی علاقوں میں اجازت مل سکے۔