ایک جماعت کو فائدہ پہنچانے کی کوششیں کوششیں ناکام ہوں گی ، 25جولائی کو پورے ملک میں شیر دھاڑے گا‘حمزہ شہباز

 
0
397

لاکھوں جانوں کی قربانی دیکر حاصل کیا گیا پاکستان کسی کے وزارت عظمی کے شوق کی بھینٹ نہیں چڑھایا جاسکتا‘ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں گفتگو
لاہور 21جولائی(ٹی این ایس) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نگران وفاقی و صوبائی حکومتیں اور ذمہ داران واضح طور پر ایک جماعت کو فائدہ پہنچانے کی سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں مگر قومی اختیار میں نقب لگانے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی ، 25جولائی کو پورے ملک میں شیر دھاڑے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملاقاتوں کے دوران کیا ۔

ان سے اجتماعی اور انفرادی ملاقاتیں کرنے والوں میں استقبال قائد ریلی کے دنوں میں گرفتار اور تشدد کا شکار ہونے والے کارکن وکلا، علما، طلبا سمیت مختلف مکاتب فکر کے نمائندہ وفود سمیت سینئر سیاستدانوں، ٹکٹ ہولڈرز، خواتین ،سابق پارلیمینٹیرئینز، نوجوانوں اور سیاسی کارکنان شامل تھے جنہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر مکمل اظہار اعتماد کرتے ہوئے پارٹی امیدواران کی بھرپور انتخابی مہم چلانے کا عزم ظاہر کیا ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ لاکھوں جانوں اور عصمتوں کی قربانی دے کر حاصل کیا گیا پاکستان کسی کے وزارت عظمی کے شوق کی بھینٹ نہیں چڑھایا جاسکتا، ملک اور قوم کے مستقبل سے کھیلنا خطرناک ہوگا، نگران وفاقی و صوبائی حکومتیں اور ذمہ داران واضح طور پر ایک جماعت کو فائدہ پہنچانے کی سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں، قوم بیدار ہے، قومی اختیار میں نقب لگانے کی تمام کوششیں اللہ کے فضل و کرم سے ناکام ہوں گی اور 25 جولائی کو انشااللہ پورے ملک میں شیر دھاڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سب اوچھے ہتھکنڈون کے باوجود پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک بھر سے تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔پارٹی سیکرٹریٹ میں ہونے والی ان ملاقاتوں اور ورکرز اجلاسوں میں قومی سیاسی امور، بھرپور انتخابی مہم، مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت کے ساتھ سیاسی کارکنان کو اہم ذمہ داریاں تفویض کی گئیں جبکہ خواتین کارکنان کے تحفظات دور کرتے ہوئے ضروری سفارشات اعلی قیادت تک پہنچانے کا عندیہ دیا گیا ۔ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے شہدا کے لئے مغفرت اور محترمہ کلثوم نواز کی جلد صحتیابی ،قائد محترم نوازشریف کی جلد رہائی اور قائدین کی صحت و سلامتی کے ساتھ انتخابات 2018 میں سرخروئی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔