ایف آئی اے کا اسحاق ڈار کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کو خط

 
0
371

اسلام آباد جولائی 21(ٹی این ایس): وزارت داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے نے اسحاق ڈار کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کو خط لکھ دیا ، جس میں انٹرپول سے اسحاق ڈار کی برطانیہ سے گرفتاری میں مدد کی درخواست کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے نیب کی درخواست پر اسحاق ڈار کی بیرون ملک گرفتاری کیلئے ریڈوارنٹ کے اجرا کی منظوری دے دی۔وزارت داخلہ کی ہدایت پرایف آئی اے نے اسحاق ڈار کی گرفتاری کے لئے انٹرپول کو خط لکھ دیا ہے ، جس میں انٹرپول سے اسحاق ڈار کی برطانیہ سے گرفتاری میں مدد کی درخواست کی گئی ہے۔
انٹرپول کو بجھوائے گئے خط کے ساتھ اسحاق ڈار کو احتساب عدالت کی طرف سے اشتہاری قرار دینے سمیت ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری اور اثاثہ جات ریفرنس کی تفصیلات بھی منسلک ہیں۔
خیال رہے اسحاق ڈار عدالت کے کئی بار بلانے پر نہ آئے۔

گذشتہ ہفتے اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت میں اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کے ریڈوارنٹ جاری کردیے ہیں، وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد ریڈ وارنٹ جاری کیے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا اسحاق ڈار کا پاسپورٹ منسوخ کیا گیا ہے۔
جس پر اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈارکا پاسپورٹ منسوخ ابھی تک نہیں کیا گیا، انٹرپول کی جانب سے کارروائی کا انتظار ہے، پاسپورٹ کی تنسیخ کو واپس نہ آنے کا جواز بنایا جا سکتا ہے۔
یاد رہے 9 جولائی کو جسٹس ثاقب نثار نے اسحاق ڈار کی پیشی یقینی بنانے کے لیے وزارت داخلہ اور اٹارنی جنرل کو حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسحاق ڈار ملک کی سب سے بڑی عدالت کو خاطر میں نہیں لارہے، وہ مفرور ہیں، کوئی بھی ان کو پکڑ کرپیش کرسکتا ہے۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر اسحاق ڈار نہیں آتے تو ان کا پاسپورٹ منسوخ کیا جائے اور انٹرپول کے ذریعے انہیں واپس لایا جائے۔