اڈیالہ جیل بڑے بڑے مگرمچھوں کا انتظار کررہا ہے، عمران خان

 
0
329

کرک جولائی 21(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل بڑے بڑے مگرمچھوں کا انتظار کررہا ہے، آج کل شہباز شریف کی شکل پر خوف طاری ہے، لگتا ہے شہباز شریف کو خواب میں بھی میں نظر آتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے بڑے بھائی کو دھوکا دیا جو اپنے بھائی سے وفاداری نہ کرسکے وہ پاکستان سے کیا کرے گا، نواز شریف نے کہا میرا مقابلہ خلائی مخلوق سے ہے، نواز شریف میرا مقابلہ تم جیسے مافیا سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ معذرت چاہتا ہوں کرک کے بہت کم دورے کرسکا، دورے کم کرنے کی وجہ کرپشن کے خلاف جنگ تھی، کرپشن کے خاتمے کے لیے دن رات جدوجہد کی، کرک نے 2013 کے الیکشن میں بھی ہمیں جتوایا تھا، اقتدار میں آئے تو کرک کے کا گیس رائلٹی کا مسئلہ پہلے حل کریں گے اور پانی کا مسئلہ بھی حل کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ ایک نیا بلدیاتی نظام لائیں گے، ایم این ایز اور ایم پی ایز کو ترقیاتی فنڈز نہیں دیں گے، ایم این ایز اور ایم پی ایز کو کا کام قانونی سازی ہوگا، عوام پر خرچ ہونے والا پیسہ کرپشن کی نذر ہوجاتا ہے، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سب سے پہلے احتساب عمران خان اور اس کے وزیروں سے شروع ہوگا، پی ٹی آئی کے وزیروں کے بعد دیگر لوگوں کا احتساب ہوگا، پی ٹی آئی کے دور میں سب کا احتساب بلا تفریق ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ الیکشن میں کسی آزاد امیدوار کو ووٹ نہیں دینا، آزاد امیدوار آپ کے لیے کچھ بھی نہیں کرسکتا، آزاد امیدوار کھڑا ہوکر اور جیت کر خود کو نیلام کردیتا ہے، اللہ اس جماعت کو جتوائے جو پاکستان کے لیے کچھ کرسکے۔