عمران خان نے اپنی جماعت کے امید وار شاہد خٹک کو تھپڑ مار دیا

 
0
1459

عمران خان نے غصے میں تھپڑ نہیں مارا اور یہ کوئی اتنا بڑا ایشو نہیں ہے: شاید خٹک کی وضاحت

کرک ، جولائی 21 (ٹی این ایس): تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے آج اپنی جماعت کے امید وار شاہد خٹک کو جلد بازی کا مظاہرہ کر نے پر تھپڑ مار دیا۔اس پر رد عمل دیتے ہوئے شاہد خٹک کاکہنا تھا کہ عمران خان نے غصے میں تھپڑ نہیں مارا اور یہ کوئی اتنا بڑا ایشو نہیں ہے ۔

نجی  ٹیلی وژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ میری کوشش تھی کہ عمران خان کے قریب کوئی نہ آئے ،خان صاحب تھوڑا تیز جا رہے تھے ،اس دوران میں تھوڑا آگے ہوا تو ان کا ہاتھ بے دھیانی میں مجھے لگ گیا ۔انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کا ورکر ہوں ،اگر مجھے تھپڑ بھی لگے تو کوئی بات نہیں ،یہ کوئی اتنا بڑا ایشو نہیں ہے ۔شاہد خٹک نے کہا کہ میں غریب انسان کا بیٹا ہوں ،خان صاحب نے مجھ پر اعتماد کر کے مجھے پارٹی ٹکٹ دیا۔

واضح رہے کہ کرک میں سیڑھیوں سے سٹیج کی جانب جاتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہد خٹک نے عمران خان سے آگے آنے کی کوشش کی تو عمران خان نے رک کر پیچھے دیکھا اور پھر شاہد خٹک کے منہ پر تھپڑ دے مارا جس کے بعد شاہد خٹک اپنے گال پر ہاتھ رکھ کر چند لمحے عمران خان کو دیکھتے رہے جبکہ عمران خان تھپڑ مار کے پھر سٹیج کی جانب بڑھ گئے۔