بلاول بھٹو کے قافلے پر پتھراؤ کا مقدمہ درج ٗپولیس کا ملزمان کی شناخت کا دعویٰ

 
0
403

سرکار کی مدعیت میں درج مقدمے میں 13 مقامی افراد اور 400 سے زائد نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ٗ پولیس
کراچی02جولائی(ٹی این ایس)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر لیاری میں پتھراؤ کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ٗ پولیس نے ملزمان کی شناخت کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے مطابق سرکار کی مدعیت میں درج مقدمے میں 13 مقامی افراد اور 400 سے زائد نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں حاجی باوا، رفیق بنگورہ اور اسماعیل سمیت 13 مقامی افراد نامزد ہیں ٗ مقدمے میں بلوا کرنے، ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایس ایس پی سٹی سمیع اللہ سومرو نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی ریلی پر پتھراؤ کرنے والے افراد کی شناخت کرلی گئی ہے تاہم ملزمان گزشتہ روز ہی علاقے سے فرار ہوگئے۔ ایس ایس پی سٹی کے مطابق پتھراؤ کرنے والوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزمان کے موبائل فون نمبرز سے ان کی لوکیشن مل گئی ۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنے حلقہ انتخاب این اے 246 لیاری پہنچے اور ریلی کی صورت میں انتخابی مہم کا آغاز کیاتاہم جیسے ہی ان کی ریلی بہار کالونی پہنچی تو علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور قافلے کو روک لیا۔