مسلم لیگ لیگ نون اپنی قیادت اور خدمات کے سبب ملک بھر میں کامیابی حاصل کرے گی اور ان شاء اللہ العزیز منتخب ہوکر عوام کی بھر پور خدمت کرے گی: علماءومشائخ اور تَجّارکے اجتماع سے خطاب
اسلام آباد، جولائی 23 (ٹی این ایس): سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ علماء ، مدارس اور مذہبی طبقات ایک مسلمہ حقیقت ہیں مدارس کی خدمات سے انکار نہیں کیا جاسکتا آج دنیا بھر میں موجود علماء و مشائخ قراء اور حفاظ کرام مدارس کے بدولت ہیں اور علمائے کرام کی بات کا معاشرے میں اعتبار کیا جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر طریقت مولانا پیر برکت اللہ ربانی کی زیرصدارت اسلام آباد کی قدیم دینی درسگاہ جزیرہ علم و عرفان مدرسہ تعلیم الاسلام جی سیون ٹو اسلام آباد میں علماءومشائخ اور تاجر شخصیات کے ایک خصوصی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں حلقہ این اے 53 اسلام آباد کے کثیر تعداد میں علماء ، مشائخ ، اساتذہ حدیث ، مفتیان کرام ، حفاظ کرام ،تاجر شخصیات اور دیگر نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پرپیر طریقت مولانا پیر برکت اللہ ربانی نے ملک کے استحکام و سالمیت اور دہشت گردی کی کاروائیوں میں شہید ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا فرمائی قبل ازیں مدرسہ تعلیم الاسلام کے طلبائے کرام نے شہداء کے لئے قرآن خوانی اور ایصال ثواب کے لیے دیگر اعمال بھی کیے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ دنیا بھر میں جہاں بھی پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا انتہائی اخلاص کے ساتھ پاکستان کا موقف پیش کیا اور ایک بڑے اسلامی ملک ہونے کے ناطے اپنے موقف کو اسلام اور مسلمانوں کا موقف جانتے ہوئے انتہائی دلیری اور ذمہ داری سے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے علماء کی یہ خواہش کہ تینوں حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے ووٹ کو ضائع ہونے سے بچایا جائے انتہائی قابل قدر ہے اور اس سلسلے میں آخری حد تک کوششیں کی جا چکی ہیں مگر کسی ایک بات پر فریقین کا اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے یہ معاملہ حل نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ لیگ نون اپنی قیادت اور خدمات کے سبب ملک بھر میں کامیابی حاصل کرے گی اور ان شاء اللہ العزیز منتخب ہوکر عوام کی بھر پور خدمت کرے گی۔ علمائے کرام نے اپنے خطابات میں عوامی نمائندوں کی ذمہ داریاں ، معاشرے میں سیاست کے ذریعے خدمت اور ووٹ کی شرعی حیثیت اور ذمہ داریوں سے آگاہ کیا ۔