صاف پانی ودیگرکمپنیوں میں مبینہ کرپشن سے متعلق ازخودنوٹس:عدالت کا کمپنیوں کیلئے ڈیپوٹیشن پرجانیوالے افسران کی تفصیلات نیب کوفراہم کرنے کاحکم

 
0
375

لاہور جولائی 24(ٹی این ایس) صاف پانی ودیگرکمپنیوں میں مبینہ کرپشن سے متعلق ازخودنوٹس کی سماعت میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے کمپنیوں کیلئے ڈیپوٹیشن پرجانیوالے افسران کی تفصیلات نیب کوفراہم کرنے کاحکم دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صاف پانی ودیگرکمپنیوں میں مبینہ کرپشن سے متعلق ازخودنوٹس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان میاں محمد ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کی ۔

اس موقع پرنیب کی جانب سے تفصیلی انکوائری رپورٹ پیش نہ کرنے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ چیئرمین نیب کوعدالتی تشویش سے آگاہ کریں ، اس کیس میں نیب کی کارکردگی مایوس کن ہے۔چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کمپنیوں کے سی ای اوزاورافسران کے اثاثوں کی انکوائری کاکیابنا؟نیب پراسیکیوٹرنے عدالت میں موقف اپنا یا کہ پنجاب کی جانب سے 22جولائی کو افسران کی فہرست موصول ہوئی اور 6 سی ای اوزکے اثاثوں سے متعلق انکوائری مکمل کر لی ہے لیکن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے عدم تعاون پردیگر کی انکوائری نہ کی جا سکی ۔

سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کے نیب سے عدم تعاون پربھی عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ چیف سیکرٹری پنجاب اورسیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو عدالتی فیصلے سے آگاہ کریں اور پیسے اکٹھے کرناشروع کردیں قوم کاپیسہ ڈیم بنانے کے کام آئے گا۔عدالت نے کمپنیوں کیلئے ڈیپوٹیشن پرجانیوالے افسران کی تفصیلات نیب کوفراہم کرنے کاحکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وفاقی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں ۔