سپریم کورٹ نے این اے 60 میں انتخاب ملتوی کرنے کے خلاف شیخ رشید کی درخواست مسترد کر دی

 
0
333

لاہور جولائی 24(ٹی این ایس) سپریم کورٹ نے شیخ رشید کی این اے 60 میں انتخاب ملتوی کرنے کے خلاف درخواست مسترد کر دی ہے ، اور فیصلے کو برقرار رکھاہے ۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی۔
لاہور رجسٹری میں سماعت کے دوران شیخ رشید کے وکیل نے دلائل میں مؤقف اختیار کیا کہ کسی امیدوار کو سزا ہونے کی صورت میں الیکشن ملتوی نہیں ہوتے جیسے مریم اور صفدر کو سزا ہوئی لیکن اس حلقے میں الیکشن ہو رہے ہیں، اسی طرح حنیف عباسی کو سزا دی گئی اس پر الیکشن ملتوی کرنا جائز نہیں۔
شیخ رشید کے وکیل نے استدعا کی کہ جس طرح باقی حلقوں میں الیکشن ہورہے ہیں عدالت این اے 60 میں بھی الیکشن کا حکم جاری کرے اور الیکشن کمیشن کا حکم مسترد کردے۔
عدالت نے شیخ رشید کے وکیل کی الیکشن کرانے کی درخواست  مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اہم قانونی نقطے کی تشریح کے لیے کیس کی سماعت کی جائے گی، حلقے کے ووٹرز کو من پسند امیدوار کو ووٹ دینے سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔چیف جسٹس نے کہا کہ واک اوور پر جانے کی بجائے الیکشن لڑیں، اپنے لیے نہیں بلکہ ووٹرز کے لیے، شیح ر شید دوسری سیٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں، پتا لگ جائےگا۔