ملی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما NA 226 امیدوار فیصل ندیم کی  گاڑی پر کریکر حملہ, گاڑی کو آگ لگ گئی اور ڈرائیور شدید زخمی

 
0
597

حیدر آباد، جولائی 25(ٹی این ایس): ملی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما و امیدوار این اے 226 فیصل ندیم کی گاڑی پر کریکر حملہ کیا گیا جس سے ان کی گاڑی کو آگ لگ گئی اور ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ فیصل ندیم محفوظ رہے۔ منگل کی شب لطیف آباد نمبر 8 پر ملی مسلم لیگ کے صوبائی الیکشن آفس کے باہر کریکر حملہ اس وقت کیا گیا جب فیصل ندیم دفتر پہنچے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ملی مسلم لیگ کے کارکنان کی بڑی تعداد الیکشن آفس پہنچ گئی۔

کریکر حملے سے فیصل ندیم کا ڈرائیورمحمد شعیب  شدید زخمی ہو گیا جسے ابتدائی طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے الیکشن آفس کے باہر ملی مسلم لیگ کے رہنما پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت عام انتخابات میں امن و امان کی ذمہ داری نبھانے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔ حکومت کا فرض ہے کہ ہمارے امیدواروں کو سیکورٹی مہیا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے ایک روز قبل ہمارے امیدوار پر حملہ خوف و ہراس پھیلانے اور الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے ہمارے حوصلے بلند ہیں ۔ہم الیکشن میں بھرپور طور پر حصہ لیں گے اور پاکستان کے دشمنوں کو شکست دیں گے۔