اپنا ووٹ پاکستان پیپلزپارٹی کے نامزد امیدواروں کو دیں: صنم بھٹو کی اپیل

 
0
959

اسلام آباد، جولائی 25(ٹی این ایس): سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی صاحبزادی صنم بھٹو نے شہید بھٹو کے چاہنے والوں، ہمدردوں، جمہوریت پسندوں اور پارٹی کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ کل اپنا ووٹ پاکستان پیپلزپارٹی کے نامزد امیدواروں کو دیں۔

پیپلز پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری ہونے والے بیان میں محترمہ صنم بھٹو نے کہاکہ تیر کے نشان پر لگنے والی ہر مہر کا ووٹ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ہوگا۔ صنم بھٹو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے افکار اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کے لئے ضروری ہے کہ قوم بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں۔ محترمہ صنم بھٹو نے کہا کہ ملک جس پریشان حالات سے گزر رہا ہے قابل تشویش بات ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ وفاق کی علامت پاکستان پیپلزپارٹی کو ووٹ دے کر کامیاب کیا جائے تاکہ مستحکم پاکستان اور خوشحال قوم کا خواب پورا ہو سکے۔ جس کے لئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنی جان کا نذرانہ دیا تھا۔