شکایات پر تحقیقات کی جائے گی: سیاسی جماعتوں کے اعتراضات کے بعد الیکشن کمیشن کی وضاحت

 
0
375

اسلام آباد، جولائی 25(ٹی این ایس): الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکریٹری محمد یعقوب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے وضاحت کی کہ جن پولنگ اسٹیشن پر انتخابات کے حوالے سے شکایات ہیں، وہاں نتائج کو چیک یا جا رہا ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق جن پولنگ اسٹیشنز پر جو امیدوار ہار رہے ہیں، وہیں شکایت کر رہے ہیں۔انہوں نے نتائج کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فارم 45 کی عدم دستیابی کے حوالے سے الزامات کو بھی مسترد کردیا۔ محمد یعقوب کے مطابق جس کسی کو فارم 45 نہیں مل رہا تو وہ الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے، فارم 45 کی کوئی کمی نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس کسی بھی امیدوار کو شکایت ہے تو وہ بتائے الیکشن کمیشن اس کا ازالہ کرے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا الیکشن کمیشن کو بتایا جائے کہ کس اسٹیشن کے نتائج نہیں مل رہے ایکشن لیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاک سر زمین پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے فارم 45 نہ دیے جانے کے حوالے سے شکایات کیں اور الزام لگایا تھا کہ پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن سے نکال دیا گیا۔

علاوہ ازیں ان ہی پارٹیوں سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے فارم 45 نہ ملنے کے خلاف متعدد شہروں میں مظاہرے بھی کیے گئے۔