ن لیگ کے بعد پیپلز پارٹی کابھی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات، پورے انتخابات پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں،شیری رحمان

 
0
460

کراچی 25جولائی(ٹی این ایس)مسلم لیگ (ن) کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کا بھی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات، دیوار سے لگائے جانے کی شکایت ، الیکشن نتائج مسترد کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرکے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کردئیے، پیپلز پارٹی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ پورے انتخابات پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں، تین چار گھنٹے میں پورے ملک سے 250سے زائد شکایات آچکی ہیں، ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، لیاری میں پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے چیف پولنگ ایجنٹ کو باہر نکال دیا گیا ہے، ایک تنظیم کے علاوہ باقی تمام جماعتوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، دیہی سندھ میں پیپلز پارٹی کے حامیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، خواتین کے پولنگ اسٹیشنز سے زیادہ شکایات آئیں۔انھوں نے کہا کہ ہم نے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ آگے بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اسے مسترد کردیا گیا، اب لاڑکانہ سے لے کر کراچی تک ہمیں نتائج نہیں دئیے جارہے ہیں۔ہم نے الیکشن کمیشن کو شکایات سے آگاہ کردیا ہے۔جبکہ پارٹی رہنما اور سابق چئیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہےکہ پی ایس 56حیدر آباد میں انتخابی نتیجے میں تاخیر کی جارہی ہے۔جبکہ بدین میں بھی پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے بھی دھاندلی کے الزامات عاید کردئیے تھے۔