میری جیت بیروزگار نوجوانوں اور مزدوروں کی جیت ہے، کل پاکستان میں نیا سورج طلوع ہوگا،شیخ رشید

 
0
420

راولپنڈی 26جولائی(ٹی این ایس) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے قریبی ساتھی شیخ رشید احمد کا عام انتخابات میں اپنی کامیابی اور پی ٹی آئی کی واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد راولپنڈی میں پرجوش تقریر، خوشی سے نہال کارکن بھنگڑے ڈالتے رہے۔کارکنوں کا ڈھول کی تھال پر رقص اور شیخ رشید کے منفرد اندازتقریر نے ماحول کو گرما دیا۔

تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے راولپنڈی سے اپنی نشست جیتنے اور پاکستان تحریک انصاف کی واضح برتری نظر آنے کے بعد لال حویلی میں وکٹری تقریر کی اور کارکنوں کو مبارکباد دی۔ انھوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ آج پاکستان جیت گیا ہے، میری جیت بیروزگار نوجوانوں اور مزدوروں کی جیت ہے، میں سرمایہ کاروں کا امیدوار نہیں عوام کا نمائندہ ہوں، اب شہر میں قبضہ گروپوں اور منشیات فروشوں کا جنازہ نکال دوں گا،میرا ایک ہی مقصد تھا کرپٹ نواز شریف کو باہر پھینک دوں جو آج اللہ کے فضل سے پورا ہوگیا ہے۔ کل پاکستان میں نیا سورج طلوع ہوگا، تمام جماعتوں کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں،ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔انھوں نے اپنی تقریر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پنڈی جیل شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی کا انتظار کر رہی ہے۔وہ جو کہتے تھے ہمیں نکالا اب کہاں غائب ہوگئے ہیں،جب کہتا تھا عمران خان کے ساتھ مل کر حکومت بناوں گاتو مذاق اڑاتے تھے۔