ن لیگ کو فیئرالیکشن جیتنے کی عادت نہیں، بھارت کا واویلا قابل فہم ہے،اسد عمر

 
0
466

اسلام آباد26جولائی(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کامسئلہ یہ ہے کہ ان کو فیئر الیکشن جیتنے کی عادت نہیں ہے،جن ووٹرز کا ن لیگ انتظار کررہی تھی، اسے پتا نہیں تھا کہ اب وہ ان کے ووٹر نہیں رہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کو سب سے زیادہ جو پریشانی ہے، وہ ان کی ہار ہے، ن لیگ کے بیانیے پر بھارتی میڈیا کا واویلا قابل فہم ہے، بھارتی میڈیا کے واویلا کے باوجود پاکستانی قوم کو مقابلہ کرنا آتا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ الیکشن تحریک انصاف نے نہیں کرائے، الیکشن کمیشن نے کرائے ہیں، ہمیں تو نظام بالکل درست نظر آیا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں کسی چیز کے پیچھے چھپنے کی ضرورت نہیں ہے، پوری قوم کو مبارک باد دیتا ہوں۔واضح رہے کہ 25 جولائی کو پاکستان کے دس کروڑ سے زائد افراد نے حق رائے دہی استعمال کیے۔ اب تک کے ٹرینڈز کے مطابق تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہے۔