’میرے بیٹوں کے والد پاکستان کے اگلے وزیراعظم ہیں جمائما گولڈ سمتھ

 
0
602

اسلام آباد جولائی 26(ٹی این ایس)پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی پہلی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ نے عام انتخابات 2018ء میں پی ٹی آئی کی نمایاں کامیابی اور برتری پر عمران خان کو مبارکباد پیش کی ۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں جمائمہ گولڈ اسمتھ کا کہنا تھا کہ 22 سال کی تذلیل ، رکاوٹوں اور قربانیاں دینے کے بعد اب میرے بیٹوں کے والد وزیراعظم پاکستان ہوں گے۔یہ سب کچھ ہار نہ ماننے اور خود پر اعتماد رکھنے کا نتیجہ ہے۔

چیلنج یہ ہے کہ یاد رکھا جائے کہ عمران خان نے سیاست کیوں شروع کی تھی۔ اپنے پیغام میں جمائمہ نے عمران خان کو مبارکباد بھی پیش کی۔ایک اور پیغام میں جمائمہ گولڈ اسمتھ کا کہنا تھا کہ مجھے عمران خان کا 1997ء کا الیکشن یاد ہے جب عمران خان سیاسی طور پر بیدار ہو چکے تھے، اور ان کے پاس ایک نظریہ تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گذشتہ روز جمائمہ گولڈ اسمتھ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں پاکستان کو الیکشن ڈے کی مبارک دی تھی۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے پیغام میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا تھا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گذشتہ روز عام انتخابات 2018ء کے تحت ملک بھر میں پولنگ ہوئی، پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوا۔اس سلسلے میں قومی اسمبلی کی 272 میں سے 260 نشستوں کے متعدد پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج بھی سامنے آ چکے ہیں۔ اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف باقی جماعتوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔ قومی اسمبلی کی 272 میں سے 260 نشستوں کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں سے تحریک انصاف اب تک کُل 120 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔