بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث خطے کو سخت غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے،سید علی گیلانی

 
0
1088

کشمیری نوجوانوں کو عظیم قریانیوں کی وجہ سے تنازعہ کشمیر عالمی ایوانوں میں گونج رہا ہے،اشرف صحرائی
سرینگر26جولائی(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں کا سلسلہ جاری ہے اور اس خطے کو سخت غیر یقینی سیاسی صورتحال کا سامنا ہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری بھارت کے جابرانہ اور غیر قانونی تسلط سے آزادی کے لیے ایک پرامن سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں تاہم بھارتی حکمرانوں کی مسلسل ہٹ دھرمی اور جارحانہ طرز عمل کی وجہ سے کشمیری نوجوان ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں کہا کہ کشمیری نوجوان قوم کے بہتر اور روشن مستقبل کیلئے اپنی اٹھی جوانیاں قربان کر رہے ہیں ۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عظیم قربانیوں کی قدر کریں اور شہداء کے مشن کو مقصد کے حصول تک ہرقیمت پر جاری رکھیں۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع اسلام آباد میں شہید ہونے والے نوجوانوں بلال احمد اور عابد حسین کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکے لواحقین کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔ دریں اثنا سید علی گیلانی نے پاکستان میں عام انتخابات کے روز بلوچستان میں ہونے والے خود کش حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے بھی اسلام آباد کتوال محلہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی نوجوان ایک عظیم مقصد کے لیے اپنا گرم گرم لہوبہارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر پرغاصبانہ قبضہ کرکے نہتے اور پُرامن کشمیریوں پرجنگ مسلط کی ہے اور کشمیری جوان تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق سرفروشی کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی عظیم قربانیوں کی وجہ سے اس وقت مسئلہ کشمیر آج عالمی ایوانوں میں گونج رہا ہے اور دنیااسے ایک سنگین مسئلہ قرار دے رہی ہے۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ بھارت تحریک آزادی کو دبانے کے لیے جموں کشمیر میں ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور اسکی فورسز مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں محاصروں، تلاشیوں، چھاپوں، گرفتاریوں، توڑ پھوڑ، گھیراؤ اور جلاؤ کی کارروائیاں کر رہی ہیں مگر اس کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ بھارت کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں۔محمد اشرف صحرائی نے اپنی تنظیم کے رہنما بشیر احمد قریشی کے گھر پر بھارتی پولیس کے چھاپے اور انکی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو بلا جواز طور پر گرفتار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد کے رہائشیوں عاشق حسین نارچور اور آصف احمد دادا کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی۔ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم کے ترجمان اور جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے بھی اپنے بیانات میں شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔