جنرل ہسپتال میں ڈینگی سے بچاؤ و مریضوں کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت 

 
0
294

انتظامی ڈاکٹرزمتحرک رہیں ، ہسپتال میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے ‘پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج
روزانہ کی بنیاد پر سپرے اورڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کیلئے خصوصی کاؤنٹر جاری رکھیں‘ پروفیسر محمد طیب
لاہور 26جولائی( ٹی این ایس)جنرل ہسپتال میں ڈینگی سے بچاؤو مریضوں کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر محمد طیب نے کہا ہے کہ ایل جی ایچ میں تمام انتظامی ڈاکٹرز متحرک رہیں۔ہسپتال میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے اور ایسا میکنز م تشکیل دیا جائے جس سے ہر شعبے میں پانی کھڑا نہ ہونے سے لے کر مچھروں اور اُس کے لاوے کو ٹھکانے لگانے تک کے تمام اقدامات بر وقت یقینی بنائے جائیں۔

پرنسپل نے جنرل ہسپتال کے تمام شعبوں میں روزانہ کی بنیاد پر سپرے کرنے اور ڈینگی کے مریضوں کی رہنمائی کیلئے خصوصی کاؤنٹر جاری رکھنے اور ملازمین کو مستعدی کے ساتھ فرائض ادا کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ موسم برسات کے پیش نظر خصوصی کاروائیاں عمل میں لانا ہوں گی تاکہ ہسپتال میں کہیں بھی بالخصوص زیر تعمیر بلاکس میں مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے۔پروفیسر محمد طیب نے سینٹری کے عملے کو خاص طور پر چوکنا رہنے کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی مختلف شعبوں کا جائزہ لیں گے اور غفلت کے مرتکب اہلکاران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ ڈینگی سے لاحق خطرات پر قابو پانے کیلئے الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول، نرسنگ کالج اور امیر الدین میڈیکل کالج میں خصوصی نصاب پڑھایا جا رہا ہے جبکہ ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو بھی اس ضمن میں سپیشل کورسز کرائے گئے ہیں ،اسی طرح ہسپتال کے تمام شعبوں ،لیبارٹری اور بلڈ بینک میں بھی ڈینگی بخار کے مریضوں کیلئے علیحدہ بندو بست کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے ڈینگی کیلئے مقرر کر دہ فوکل پرسن اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ باہم رابطے کے ساتھ ڈینگی سے بچاؤ کی خدمات میں حصہ لیں تاکہ بہتر سے بہتر نتائج حاصل ہو سکیں۔